پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 9 کے آخری لیگ میچ میں ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 79 رنز سے شکست دے دی۔
کراچی کے نیشنل بینک کرکٹ ایرینا میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
سلطانز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 185 رنز بنائے۔
ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم 16ویں اوورز میں 106 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی بیٹر عمیر یوسف 37 اور خواجہ نافے 16 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے جبکہ سعود شکیل 14، محمد وسیم 11 اور رائیلی روسو نے 10 رنز بنائے۔
ملتان سلطانز کے ڈیوڈ ویلی اور اسامہ میر نے 3، 3 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔
اس سے قبل ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے 69 رنز کی اننگز کھیلی، جانسن چارلس نے 53 رنز بنائے۔ محمد عثمان 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ یاسر خان 12 رنز بناسکے۔
اختتامی لمحات میں افتخار احمد نے 20 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی، طیب طاہر 3 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محمد عامر نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، ابرار احمد اور محمد وسیم نے ایک ایک وکٹ لی۔
69 رنز کی اننگز کھیلنے پر ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان کو میچ کا بھترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
یہ میچ دونوں ٹیموں کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل تھا۔
گوکہ دونوں ہی ٹیمیں پلے آف مرحلے کےلیے کوالیفائی کرچکی ہیں، تاہم یہ میچ جیتنے والی ٹیم ملتان سلطانز ٹاپ ٹو میں شامل ہوگئی ہے اور پشاور زلمی کیخلاف کوالیفائر کھیلے گی۔
کوالیفائر میں اگر شکست کا سامنا کرنا پڑا تو وہ ٹیم ایونٹ سے باہر نہیں ہوگی اور فائنل میں پہنچنے کےلیے اس کے پاس ایلیمنیٹر 2 کا موقع بھی دستیاب ہوگا جہاں جیت کر وہ ٹیم فائنل کےلیے کوالیفائی کرسکتی ہے۔
ایونٹ کے گزشتہ میچ میں ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 13 رنز سے شکست دی تھی۔