پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عمر ایوب کا کہنا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر کو کینیڈا کا سفیر لگایا جارہا ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا کہ الیکشن کمشنر سے کہا گیا کہ پی ٹی آئی کی 20 نشستیں ری کاؤٹنگ میں حکومتی اتحاد کے حق میں کروائیں۔
انکا کہنا تھا کہ الیکشن کمشنر کو کینیڈا میں پاکستان کا سفیر لگایا جا رہا ہے۔
عمر ایوب نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کو فی الفور مستعفی ہونا چاہیے، الیکشن کمشنر صاف شفاف الیکشن کروانے میں ناکام ہوئے، 8 سے 9 کروڑ روپے کے بیلیٹ پیپر فروخت ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی تک ہماری دو ہفتے تک رسائی بند کی گئی ہے، یہ ایک ڈرامہ ہے، ہمیں بانی پی ٹی آئی تک رسائی دی جائے، بشریٰ بی بی کو چھوٹے سے کمرے میں محصور کیا گیا ہے۔
عمر ایوب کا یہ بھی کہنا تھا کہ یوسف رضا گیلانی کی جیت کا مارجن کم تھا، اس لیے قومی اسمبلی کی سیٹ چھوڑی۔ حکومتی بینچز پر بیٹھے لوگ فارم 47 کے بینیفشریز ہیں۔