رپورٹ: اعجاز احمد
پاکستان ریلوے نے 50 ڈبوں پر مشتمل ملکی تاریخ کی سب سے بڑی مال گاڑی چلا دی۔
اس سے قبل زیادہ سے زیادہ 40 ڈبوں پر مشتمل مال گاڑیاں چلائی جا رہی تھیں۔ ریلوے حکام کے مطابق یہ مال گاڑی 2 ہزار 5 سو فٹ طویل اور 50 ہاپر ویگنز پر مشتمل ہے۔
ریلوے حکام کے مطابق سنگل انجن پر چلنے والی اس مال گاڑی میں 3 ہزارٹن تک وزن لے جایا جاسکے گا۔ اس طویل ترین فریٹ ٹرین نے پیپری یارڈ سے کوٹری کے درمیان آزمائشی سفر کام یابی سے مکمل کیا۔
127 کلومیٹر کے فاصلے میں یہ ٹرین 60 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلائی گئی۔
محکمہ ریلوے جلد ہی اس طویل ترین ٹرین کو باقاعدہ فلیٹ کا حصہ بنائے گا۔ واضح رہے کہ کراچی سے اس وقت یومیہ 10 سے زائد فریٹ ٹرینیں اندرون ملک روانہ ہو رہی ہیں۔