• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مریم نواز کو کاشت کاروں کیلئے کسان کارڈ کے اجراء کی تجویز مل گئی


وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو کاشت کاروں کےلیے کسان کارڈ کے اجراء کی تجویز دے دی گئی۔

لاہور میں مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس میں گندم سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا اور تجویز پیش کی گئی کہ کاشت کاروں کےلیے کسان کارڈ کا اجراء کیا جائے۔

دوران اجلاس بریفنگ میں بتایا گیا کہ گندم پر سبسڈی سے ماضی میں حکومت کو 630 ارب روپے کے گردشی قرض کا بوجھ اٹھانا پڑا۔

بریفنگ میں کہا گیا کہ گردشی قرضے پر سالانہ 80 ارب روپے مارک اپ ادا کرنا پڑا، حکومت پنجاب نے 8 ماہ میں 469 ارب روپے قرض ادا کردیا ہے۔

اجلاس میں سوشل پروٹیکشن اور ٹارگیٹڈ سبسڈی کی تجویز کا جائزہ لیا گیا جبکہ اجلاس میں کاشت کاروں کو کھاد، زرعی ادویات کی بلاتعطل فراہمی بھی زیر غور آئی۔

اس موقع پر مریم نواز نے کہا کہ حکومت پنجاب کاشتکاروں کے ساتھ ہے، انہیں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ گندم کے کاشتکاروں کی معاونت کےلیے تمام اقدامات کیے جائیں، مسلم لیگ ن کا منشور کاشتکاروں کی فلاح وبہبود ہے۔

وزیراعظم پنجاب نے یہ بھی کہا کہ عام آدمی کے مسائل کا بھی احساس ہے، ہم انہیں سستا آٹا دینا چاہتے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید