بھارتی اداکارہ کیرتی سینن نے کہا ہے کہ خواتین بھی بہترین کامیڈی کرسکتی ہیں۔
ان خیالات کا اظہار کیرتی سینن نے اپنی نئی فلم ’کریو‘ کے ٹریلر لاؤنچ کے موقع پر کیا۔
کیرتی کا کہنا تھا کہ ہم زیادہ تر مردوں کے ساتھ کام کرتے ہیں، لیکن خواتین کے ساتھ کام کرنا بہت تر و تازگی کا احساس پیدا کرتا ہے، خواتین بھی بہت باصلاحیت ہیں جس کی سالوں سے میں معترف ہوں۔
فلم کریو کے بارے میں بات کرتے ہوئے کیرتی کا کہنا تھا کہ جس طرح یہ فلم لکھی گئی ہے اور جس طرح اسکے کردار بنائے گئے ہیں اس تناظر میں دیکھا جائے تو فلم میں تینوں خواتین کے درمیان اچھی ہم آہنگی ہے۔
کیرتی کا کہنا تھا کہ مجھے ایسا لگتا ہے کہ جب خواتین سے متعلق کوئی فلم آتی ہے تو لوگ سوچتے ہیں کہ لڑکیاں ہیں، فلم سنجیدہ ہوگی یا کوئی مدعا ہوگا، یا پھر اس میں مردوں کے خلاف بات کی جائے گی۔
انہوں نے اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ اس فلم میں ایسا کچھ نہیں ہے، بلکہ آپ دیکھیں گے کہ خواتین بھی کامیڈی کر سکتی ہیں۔
واضح رہے کہ فلم کریو میں انکے ساتھ اداکارہ تبو اور کرینہ کپور بھی مرکزی کرداروں میں نظر آئیں گی۔