وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ سے ہر پارٹی کا اختلاف رہا لیکن کسی پارٹی یا کارکن نے ایسا رویہ نہیں اپنایا۔
ایک بیان میں خواجہ آصف نے تحریک انصاف پر تنقید کے تیر چلادیے اور کہا کہ یہ لوگ اپنی شناخت ڈھونڈ رہے ہیں، یہ بےنامی پارٹی ہے، پتا نہیں پارٹی کا لیڈر کون ہے، ہر کوئی لیڈر بنا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان کے اپنے کرتوتوں کی وجہ سے ان کے ہاتھ سے اقتدار گیا، جس قسم کے خط امریکا کو لکھے جارہے ہیں، یہ پاکستان دشمنی ہے۔
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا پر شہدا سے متعلق توہین آمیز مہم کی مذمت ہیں، کچھ لوگوں نے شہدا کا مذاق اڑایا، انہیں ریٹرنگ افسروں سے تشبیہ دی گئی۔
اُن کا کہنا تھا کہ آج اگر ملک قائم ہے تو شہدا کے خون کی وجہ سے ہے، فوج جس طرح قربانیاں دے رہی ہے، جتنی عزت کریں کم ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ متحد ہو کر لڑی جاسکتی ہے۔