• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ایس ایل فائنل: افتخار احمد اسلام آباد سے تگڑے مقابلے کیلئے تیار

ملتان سلطانز کے جارح مزاج بیٹر افتخار احمد کی جیو نیوز سے گفتگو
ملتان سلطانز کے جارح مزاج بیٹر افتخار احمد کی جیو نیوز سے گفتگو 

ملتان سلطانز کے جارح مزاج بیٹر اور پاکستان کے ٹیسٹ کرکٹر افتخار احمد پی ایس ایل فائنل میں اسلام آباد سے تگڑے مقابلے کے لیے تیار ہیں۔

جیو نیوز کو انٹرویو میں افتخار احمد نے کہا ہے کہ ہماری ٹیم اسلام آباد کے اٹیکنگ اسٹائل سے واقف ہے اور اس کے مطابق پلان کر کے میدان میں اتریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ملتان سلطانز کی ٹیم نے پورے ٹورنامنٹ میں اچھا کھیلا ہے، ٹیم کے لوکل اور غیر ملکی تمام پلیئرز اچھی فارم میں ہیں، اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم بھی کافی بیلنس ہے، فائنل میں جو اچھی کرکٹ کھیلے گا وہ جیتے گا۔

ایک سوال پر افتخار احمد نے کہا کہ ملتان سلطانز ہو یا پاکستان ٹیم جو ذمے داری ملتی اس کو نبھانے کی کوشش کرتا ہوں، جو میری بیٹنگ پوزیشن ہے اس میں کم وقت میں رنز کے پیچھے جانا پڑتا ہے، لیکن اگر آپ ٹیم کے اہم پلیئر ہیں تو آپ کو پریشر ہینڈل کرنا پڑتا ہے، کیوں کہ اچھا بیٹر وہی ہے جو جب بھی جائے ٹیم کو پریشر سے نکالے۔

اپنی بیٹنگ پوزیشن کے چیلنج پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جس طرح کی پوزیشن میں کھیلتا ہوں اس میں رسک لینا پڑتا ہے، رنز کے پیچھے بھی جانا، ایوریج بھی برقرار رکھنا اور فنشنگ بھی کرنا ہوتا ہے، یہ دیکھنا اہم ہے کہ پلیئر نے کس صورتِ حال میں کیسا کھیلا۔

ایک سوال پر قومی ٹیم کے آل راؤنڈر نے کہا کہ میں ہمیشہ صورتِ حال کے مطابق کھیلنے کی کوشش کرتا ہوں، فائنل میں بھی یہی پلان ہے، ورلڈ کپ سے قبل پی ایس ایل میں فارم میں ہونا اچھی بات ہے، خواہش ہے کہ اپنے ملک کے لیے ورلڈ کپ جیتوں۔

واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ 9 کا فائنل آج کراچی میں ملتان سلطانز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید