غزہ کی وزارتِ صحت کے مطابق غزہ میں 24 گھنٹوں میں اسرائیلی حملوں میں 81 فلسطینی شہید ہو گئے۔
ان شہادتوں کے بعد گزشتہ برس ماہِ اکتوبر سے اب تک غزہ میں اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 31 ہزار 726 ہو گئی ہے۔
اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ کے الشفا اسپتال کا کنٹرول حاصل کرنے کا دعویٰ سامنے آیا ہے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے الشفا اسپتال کا کنٹرول حاصل کرنے کے بعد 80 افراد کو حراست میں لے لیا۔
اسرائیلی فوج کی غزہ کے رہائشی علاقوں پر بم باری جاری ہے۔
اسرائیلی فوج کی غزہ کے الشفا اسپتال پر فائرنگ اور گولہ باری کے نتیجے میں متعدد فلسطینی شہید اور زخمی ہو گئے جبکہ سرجیکل کمپلیکس میں آگ بھڑک اٹھی۔
اس سے قبل آج صبح اسرائیلی فوج نے الشفا اسپتال پر حملے کے بعد لاؤڈ اسپیکر پر اسپتال میں پناہ لیے سینکڑوں افراد کو اسپتال خالی کرنے کا حکم دیا تھا۔