• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مریم نواز کو زیادہ فکر عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کی ہے، مجتبیٰ شجاع الرحمان


وزیر خزانہ پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمان نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کو سب سے زیادہ فکر عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کی ہے۔

ملک محمد احمد خان کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں وزیر خزانہ کے بجٹ پیش کرنے کےدوران اپوزیشن ارکان نے بجٹ دستاویز کی کاپیاں پھاڑدیں۔

پنجاب اسمبلی میں بجٹ پیش کرتے ہوئے مجتبیٰ شجاع الرحمان نے کہا کہ مریم نواز نے تاریخی جملہ کہا تھا کہ مجھے نواز شریف کی کمزوری سمجھنے والے یاد رکھیں، میں ان کی طاقت بن کر دکھاؤں گی۔

انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے مہنگائی کی شدت پر آتے ہی توجہ دی ہے، پنجاب میں پہلی بار 64 لاکھ سے زائد خاندانوں کو 30 ارب سے زائد کا نگہبان رمضان پیکیج دہلیز تک پہنچایا جارہا ہے۔

صوبائی وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ اشیائے خورونوش کی ڈیمانڈ اور سپلائی کے نظام کو بہتر بنارہے ہیں، زرعی اجناس کی پیداوار میں اضافے سے مہنگائی میں بتدریج کمی لائیں گے۔

مجتبیٰ شجاع الرحمان نے یہ بھی کہا کہ پنجاب میں شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنایا جارہا ہے، ملک کے سب سے بڑے نواز شریف آئی ٹی سینٹر کے قیام کا عمل شروع ہوچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 70 کروڑ کی لاگت سے شہریوں کےلیے ایمبولینس سروس شروع کی جارہی ہے، وزیراعلیٰ نے سرکاری ہیلی کاپٹر ایمرجنسی مریضوں کے اسپتال منتقلی کےلیے دیا ہے۔

صوبائی وزیر خزانہ نے کہا کہ ڈیڑھ ارب روپے کی لاگت سے لیپ ٹاپ فراہم کیے جائیں گے، طالبعلموں کو ایک ارب روپے کی لاگت سے مفت وائے فائی فراہم کرنے جارہے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ آئی ٹی انٹرن شپ پروگرام شروع کیا جارہا ہے، 4 ارب سے رواں مالی سال میں آئی ٹی انفرااسٹرکچر پروگرام شروع کرنے جارہے ہیں۔

مجتبیٰ شجاع الرحمان نے کہا کہ اگلے مالی سال کا بجٹ جون 2024 میں پیش کریں گے، بجٹ کا مجموعی حجم 4 ہزار 480 اعشاریہ 7 ارب روپے ہے۔

انہوں نے کہا کہ مقامی حکومتوں کےلیے 627 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، رواں مالی سال میں کوئی ٹیکس نہیں لگایا گیا۔

صوبائی وزیر خزانہ نے کہا کہ پنجاب دستک پروگرام کا منصوبہ شروع کررہے ہیں، وعدے تو ہر کوئی کرتا ہے لیکن مسلم لیگ ن وعدوں کی تکمیل کا نام ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کسانوں کو ایک چھت تلے کھاد، ادویات اور دیگر اشیا مہیا کی جائیں گے، 10 ارب روپے سے سڑکوں کی تعمیر و مرمت کا پروگرام شروع کیا جارہا ہے، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کےلیے 2 ارب روپے سے پروگرام شروع کیا جارہا ہے۔

قومی خبریں سے مزید