• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پارلیمنٹ حملہ کیس: بانیٔ پی ٹی آئی ،شاہ محمود کو 20 اپریل کو پیش کرنے کا حکم

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے پارلیمنٹ حملہ کیس کی سماعت کے دوران بانیٔ پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کو 20 اپریل کو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

بانیٔ پی ٹی آئی اور دیگر کے خلاف پارلیمنٹ حملہ کیس کی سماعت کے دوران بانیٔ پی ٹی آئی کے وکیل نعیم پنجوتھا جوڈیشل مجسٹریٹ مرید عباس کی عدالت میں پیش ہوئے۔

عدالت میں بانیٔ پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کے پروڈکشن آرڈر کے لیے درخواست دائر کر دی گئی۔

جوڈیشل مجسٹریٹ نے کہا کہ بانیٔ پی ٹی آئی اڈیالہ جیل میں ہیں، مختلف صورتِ حال ہے۔

وکیل نعیم پنجوتھا نے شکایت کی کہ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کسی بھی عدالت کا حکم نہیں مانتے، ان سے حکم منوانا چاہیے اور بانیٔ پی ٹی آئی کو پیش کرنا چاہیے، سیکیورٹی کا بہانہ ہے، ویڈیو لنک پر بھی بانیٔ پی ٹی آئی کی حاضری نہیں لگواتے۔

جوڈیشل مجسٹریٹ نے کہا کہ ویڈیولنک کا آپشن تو موجود ہے لیکن حاضری ای کورٹ میں لگتی ہے۔

وکیل نعیم پنجوتھا نے کہا کہ عدالت کمرۂ عدالت میں بانیٔ پی ٹی آئی کو پیش کرنے کا حکم دے، ہائی کورٹ نے فیصلہ دیا ہے کہ ویڈیو لنک پر سیاسی رہنما سے ملاقات ہو سکتی ہے، اڈیالہ جیل میں انٹرنیٹ چلتا ہے، صرف بانیٔ پی ٹی آئی کے معاملے پر انٹرنیٹ نہیں چلتا، سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل بانیٔ پی ٹی آئی کو ویڈیو لنک پر لانے سے گھبراتے ہیں۔

عدالت نے بانیٔ پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کے پروڈکشن کی درخواست منظور کر لی اور 20 اپریل کو بانیٔ پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

قومی خبریں سے مزید