• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کسی بھی قوت کو پاکستان کو غیر مستحکم نہیں کرنے دیں گے، صدر زرداری

صدر مملکت آصف زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کی سالمیت پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا، کسی بھی قوت کو پاکستان کو غیر مستحکم نہیں کرنے دیں گے۔

یوم پاکستان کے موقع پر اسلام آباد کے شکرپڑیاں گراؤنڈ میں مسلح افواج کی مشترکہ پریڈ ہوئی۔

صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن عبدالعزیز یوم پاکستان پریڈ کے مہمان خصوصی تھے۔

سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن عبدالعزیز کی یوم پاکستان پریڈ میں شرکت
سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن عبدالعزیز کی یوم پاکستان پریڈ میں شرکت

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت آصف زرداری نے کہا کہ ایس آئی ایف سی سے ملک میں ترقی آئے گی، ہماری ذمے داری ہے تمام مشکلات کا مل کر حل نکالیں، پاکستان کو معاشی، سماجی اور سیاسی چیلنجز کا سامنا ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ آج کی یہ ولولہ انگیز پریڈ ایک مضبوط اور مستحکم پاکستان کیلئے ہمارے قومی جذبوں اور امنگوں کی عکاس ہے، ہمیں قومی اتفاق رائے کے ساتھ مؤثر حکمت عملی، دانشمندانہ انتظام، صوبوں اور وفاق کے مابین بہتر روابط کی اشد ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ قوم مایوس نہ ہو، ہم پاکستان کو معاشی لحاظ سے مضبوط اور خود کفیل بنانے کیلئے پُرعزم ہیں، معاشی مسائل کے حل اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے ایس آئی ایف سی کا قیام عمل میں لایا جاچکا۔

صدر آصف زرداری نے کہا کہ انسانی وسائل کی ترقی اور ہنر مندی، زراعت، آئی ٹی، صنعتی ترقی اور گڈ گورننس پر توجہ دینا ہوگی، تمام اسٹیک ہولڈرز وطن عزیز کی سلامتی، استحکام اور ترقی و خوشحالی کیلئے مل کر کام کریں۔

صدر مملکت نے کہا کہ ہمیں یقین ہے پاکستان کو چیلنجز سےنکال سکتے ہیں، دوست ممالک نے ہر مشکل گھڑی میں ہمارا ساتھ دیا۔

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری معصوم فلسطینیوں کا قتل عام بند کرائے، پاکستان کے عوام فلسطینیوں کی حمایت جاری رکھیں گے، پاکستان تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات کا خواہاں ہے۔

صدرِ پاکستان آصف زرداری نے کہا کہ غزہ میں جاری تشدد اور فلسطینیوں کی نسل کشی پر گہری تشویش ہے، بین الاقوامی برادری غزہ میں میں فوری جنگ بندی کرائے اور اسرائیل کو ظالمانہ اقدامات سے روکے۔

انہوں نے کہا کہ ہم بھارت کے تمام غیر قانونی اقدامات کی مذمت کرتے ہیں، اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کا نوٹس لے، کشمیری عوام کو یقین دلاتا ہوں پاکستان حق خود ارادیت کی جائز جدوجہد میں ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔

دوسری جانب یوم پاکستان کے موقع پر لاہور میں مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب ہوئی۔

اس موقع پر پاک فضائیہ کے خصوصی دستے نے مزار اقبال پر ذمے داریاں سنبھالیں۔

ملک بھر میں آج یوم پاکستان ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے، دن کے آغاز پر توپوں کی سلامی دی گئی۔

84 ویں یوم پاکستان پر پاک فوج، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس نے قوم کو مبارکباد دی ہے۔

قومی خبریں سے مزید