جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ نواز شریف سے ملاقات میں بتادیا ہے کہ وہ اُنہیں ’نیا لاڈلہ‘ سمجھتے ہیں۔
جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کے دوران مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ نہیں لگتا کہ یہ حکومت ڈلیور کرسکے گی، چیلنجز بہت زیادہ ہیں، یہ حکومت چیلنجز کا مقابلہ نہیں کرسکے گی۔ پارلیمنٹ ربر اسٹیمپ ہوگی، بالآخر تمام ناکامیوں کی ذمہ داری سیاستدان اپنے سر لے لیں گے۔
جے یو آئی سربراہ نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے حوالے سے ہمیں اپنے صوبے کے نتائج پر اعتراض ہے، پی ٹی آئی سے تحفظات الیکشن سے متعلق نہیں نظریاتی تھے، اگر ان کےلیے ماحول بن سکتا ہے تو ہم خیرمقدم کریں گے۔
مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ جماعت نےفی الوقت ایسا فیصلہ نہیں کیا کہ ہم پی ٹی آئی سے مل کر کوئی تحریک چلارہے ہیں، پی ٹی ائی کے رویے میں تبدیلی نظر آرہی ہے جو اچھی بات ہے، سیاست میں مثبت رویہ ہے اس طرح ہم آگے بڑھتے ہیں تو مضائقہ نہیں۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ تعین ہونا چاہیے معاملات ہیں کیا، ہمارا مؤقف واضح ہے الیکشن میں دھاندلی ہوئی ہے، وہ قوت فوکس ہوگی جس نے نتائج تبدیل کیے دھاندلی کی طاقت استعمال کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ ایسے نتائج پر مبنی حکومت ہے جو ہمیں قبول نہیں، ان اداروں کے خلاف احتجاج کررہے ہیں جنہوں نے الیکشن کو کھیل بنا رکھا ہے۔
جے یو آئی سربراہ نے کہا کہ عوام سڑکوں پر آئیں گے تو حکومت خود گر جائے گی۔ جرم کوئی اور کرتا ہے سیاستدان اپنے سر ذمہ داری لے لیتے ہیں۔ ہم نے اپنی رائے دوستوں کیلئے قربان کی تھی۔