کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے بدھ کو پنڈی میں آئی سی سی کے وفد سے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت کرس ٹیٹلےکر رہے تھے۔ دیگر اراکین میں سارہ ایگرڈ اور عون زیدی شامل تھے۔ ملاقات میں پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی کے انتظامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ پی سی بی اعلامیے کے مطابق آئی سی سی کے وفد نے کراچی، لاہور اور راولپنڈی کے اسٹیڈیمز میں سہولتوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی جتنا بڑا ٹورنامنٹ ہے ۔ ہر سطح پر فول پروف انتظامات کیے جائیں گے۔ اسٹیڈیم کی اپ گریڈیشن سمیت تمام ضروری امور بر وقت مکمل کر لئے جائیں گے۔ انہوں نے چیمپئنز ٹرافی کی کامیاب میزبانی کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی سلمان نصیر، ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ عثمان واہلہ اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اس سے قبل آئی سی سی وفد نے بدھ کو پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کا دورہ کیا۔ وفد نے آمدورفت کے راستوں، سہولتوں، ڈریسنگ رومز، مختلف اسٹینڈز کا جائزہ لیا۔