صدر مملکت آصف زرداری سے ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے ملاقات کی اور ایرانی صدر کی جانب سے صدرِ پاکستان کیلئے تہنیتی پیغام پہنچایا۔
ایرانی سفیر نے صدر مملکت آصف علی زرداری کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔
صدر مملکت آصف زرداری نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں اقتصادی تعاون بڑھانے کی وسیع گنجائش موجود ہے۔
صدر مملکت نے دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک کو درپیش مشترکہ چیلنجز پر قابو پانے کیلئے مل کر کام کرنے پر زور دیا۔
ایرانی سفیر نے کہا کہ ایران پاکستان تاریخی، مذہبی، ثقافتی تعلقات وقت کے ساتھ مضبوط ہو رہے ہیں، دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم، بینکنگ تعاون، فضائی، کاروباری روابط بڑھانے کی ضرورت ہے۔
ایرانی سفیر نے مزید کہا کہ پاکستان چا بہار زاہدان ریل روڈ سے وسطی ایشیا، یورپ، ترکی سے تجارت کیلئے مستفید ہو سکتا ہے، امید ہے صدر آصف زرداری کی قیادت میں پاک ایران تعلقات کو نئی تحریک ملے گی۔