حالیہ دہائیوں میں، تعمیراتی شعبے کے ماحولیاتی اثرات بہت سے ماہرین کے لیے واضح ہو گئے ہیں۔ روایتی جدید تعمیراتی مواد جیسے کنکریٹ کی تیاری میں ریت، پانی اور توانائی جیسے وسائل کا بہت زیادہ استعمال ہوتا ہے اور کاربن اخراج کی نقصان دہ سطح پیدا ہوتی ہے۔ آب و ہوا کی تبدیلی پر بڑھتے ہوئے خدشات اور کنکریٹ کے ایک اہم جزو ’ریت‘ کی کمی کے گرد بڑھتے ہوئے پائیداری کے بحران کی وجہ سے، تعمیراتی صنعت نے متبادل تعمیراتی مواد کی طرف رُخ کیا ہے۔
ایک متبادل تعمیراتی مواد، کراس لیمینیٹڈ ٹمبر (CLT) ہے، جو ابھی تعمیراتی صنعت کے کچھ حصوں میں مقبولیت حاصل کر رہا ہے۔ یہ دنیا کے قدیم ترین تعمیراتی مواد میں سے ایک مانے جانے والے مواد یعنی لکڑی کے اس تغیر کی ابتدا 1970ء کی دہائی میں جرمن انجینئر جولیس نیٹرر کے کام سے ہوئی۔ انھوں نے ایک نظام تیار کیا جسے Brettstapel کے نام سے جانا جاتا ہے، جو بوجھ برداشت کرنے والے ساختی پینل تیار کرنے کے لیے نرم لکڑی کے پینلز پر مشتمل ہے۔ پینلز کے نرم لکڑی کے عناصر کو سخت لکڑی سے بنے گٹوں کا استعمال کرتے ہوئے جوڑا جاتا ہے۔ یہ نسبتاً آسان نظام ہے جو اب بھی جرمنی اور آسٹریا میں استعمال ہوتا ہے۔
کراس لیمینیٹڈ ٹمبر، Brettstapel سے مختلف ہے، اس میں نرم لکڑی کے بجائے اعلیٰ درجے کی لکڑی کا استعمال کیا جاتا ہے۔ لکڑی کی تہوں کو ایک کراس پیٹرن میں یکجا کیا جاتا ہے، جو دو محوروں پر مضبوطی کے ساتھ ساختی مواد تیار کرتا ہے۔ کراس لیمینیٹڈ ٹمبر سے بنے پینل دیواروں، فرش یا چھت میں استعمال کیے جاسکتے ہیں۔
کراس لیمینیٹڈ ٹمبر کی تیاری
کراس لیمینیٹڈ ٹمبر پینلز بنانے کے لیے بھٹے میں خشک بورڈ ایک دوسرے کے اوپر 90ڈگری کے زاویے پر رکھے جاتے ہیں۔ یہ عام طور پر صنوبر کی لکڑی سے بنے ہوتے ہیں اور کراس لیمینیٹڈ ٹمبر بورڈ میں تہوں کی تعداد ساختی ضروریات پر منحصر ہوتی ہے۔ تہوں کو ایک دوسرے کے ساتھ چپکانے کیلئے پولی یوریتھین استعمال کیا جاتا ہے، اور مینوفیکچرنگ کے دوران ہائیڈرولک پریشر کو جہتی طور پر مستحکم تعمیراتی مواد بنانے کے لیے لاگو کیا جاتا ہے۔ کمپیوٹر نیومیریکل کنڑول (CNC) مشینوں کا استعمال پینلز کو مطلوبہ سائز اور شکل میں درست طریقے سے کاٹنے کے لیے کیا جاتا ہے، جنہیں بعد میں کراس لیمینیٹڈ ٹمبر پینلز ماہرین تعمیراتی سائٹ پر لگاتے ہیں۔
فوائد اور نقصانات کیا ہیں؟
کراس لیمینیٹڈ ٹمبر میں آرکیٹیکٹس اور پروجیکٹ منیجرز کے لیے کچھ قابل ذکر فوائد موجود ہیں۔ سب سے پہلے، اس کی جمالیاتی خصوصیات اسے غیرمعمولی طور پر خوبصورت تعمیراتی مواد بناتی ہیں۔ دوم، اگر صحیح طریقے سے تعمیر کیا جائے تو اس میں بہترین طاقت اور جہتی استحکام ہے۔
کراس لیمینیٹڈ ٹمبر کا ایک اور فائدہ اس کا دیگر ساختی مواد، جیسے کہ اسٹیل اور کنکریٹ سے بہت ہلکا ہونا ہے، یہ اسے تعمیراتی سائٹ پر ہینڈل کرنا محفوظ اور آسان بناتا ہے۔ مزید برآں، مینوفیکچرنگ کے دوران پریسیشن انجینئرنگ، تعمیراتی سائٹ پر مواد کو سنبھالنے کے لیے درکار وقت کو کم کرتی ہے، ساتھ ہی مزدوری کے اخراجات اور وسائل کی ضروریات میں کمی آتی ہے۔
یہ تعمیراتی منصوبوں کے لیے ماحولیاتی اور پائیداری فوائد بھی فراہم کرتا ہے۔ لکڑی کا استعمال کسی تعمیراتی منصوبے کے کاربن فوٹ پرنٹ کو نمایاں طور پر کم کرتا ہے۔ ایک تحقیق سے پتا چلا ہے کہ لکڑی کے ڈھانچے کا کاربن فوٹ پرنٹ، کنکریٹ سے بنے مساوی ڈھانچے کے مقابلے میں 35فیصد کم ہوتا ہے۔
یہ کنکریٹ کی طرح آگ سے محفوظ نہیں ہوتا لیکن کراس لیمینیٹڈ ٹمبر میں کچھ آگ سے بچاؤکی صلاحیتیں موجود ہیں۔ آگ لگنے کے دوران اس کی بیرونی پرت خراب ہوتی ہے اور ایک وقت تک اندرونی تہوں کی حفاظت کرتی ہے۔ جپسم وال بورڈ اور دیگر آگ مزاحمتی مواد کراس لیمینیٹڈ ٹمبر کی آگ کے خلاف مزاحمت کو بہتر بنا سکتے ہیں۔
کراس لیمینیٹڈ ٹمبر کی اہم خرابیوں میں سے ایک اس کا مونولیتھک مواد کی طرح ائیرٹائٹ نہ ہونا ہے۔ مزید برآں، اگر اسے مناسب اور محتاط انداز سے تیار نہ کیا جائے تو یہ پانی اور نمی کے داخل ہونے کا خطرہ بن سکتا ہے، جس سے اس کے نم ہونے اور سڑنے کے مسائل پیدا ہوتے ہیں۔ ایک حالیہ سویڈش مطالعے میں چار کراس لیمینیٹڈ ٹمبر عمارتوں میں سڑنے کا پتہ چلا ،جو تعمیر کے دوران غیر محفوظ رہ گئی تھیں۔
کراس لیمینیٹڈ ٹمبر منصوبے
جب کہ کراس لیمینیٹڈ ٹمبر عمارتوں کے ساتھ کچھ کلیدی چیلنجز موجود ہیں، اس تعمیراتی مواد کے فوائد نے معماروں اور انجینئروں کی دلچسپی کو بڑھاوا دیا ہے، جس میں گزشتہ چند سالوں میں مختلف مقامات پر تعمیر کیے گئے کچھ قابل ذکر اور جمالیاتی طور پر خوشنما ڈھانچے ہیں۔
Mjøstårnet، ناروے
لوڈ بیئرنگ گلولم بیم اور کراس لیمینیٹڈ ٹمبر پینلز سے بنی دیواروں کے ساتھ باندھی گئی، Mjøstårnet اس وقت دنیا کی سب سے اونچی لکڑی کی عمارت ہے، جس کی اونچائی 18 منزلہ (85.4 میٹر) ہے۔ یہ عمارت زیادہ تر لکڑی سے بنی ہے، اوپری منزلوں پر کنکریٹ کے ڈیکوں کا استعمال عمارت کے وزن کو بڑھا کر ڈولنے سے بچنے کے لیے کیا گیا ہے۔
بروک کامنز ہاؤس، کینیڈا
یہ 18منزلہ، 53 میٹر اونچی عمارت طلبی کی رہائش گاہ ہے جو برٹش کولمبیا یونیورسٹی میں واقع ہے۔ پانچ پرتوں والے کراس لیمینیٹڈ ٹمبر پینلز کو گلولم ستونوں پر کھڑا کیا گیا ہے۔ اس کراس لیمینیٹڈ ٹمبر اور بڑے پیمانے پر لکڑی کے ڈھانچے میں کنکریٹ کی لفٹ اور سیڑھیاں شامل ہیں۔ اسے 2017ء میں کھولا گیا تھا۔
ڈالسٹن ورکس، برطانیہ
مساوی کنکریٹ کے ڈھانچے کے وزن کے پانچویں حصے کے ساتھ، یہ کراس لیمینیٹڈ ٹمبر ڈھانچہ 2017ء میں مکمل ہوا تھا۔ دس منزلوں پر پھیلے 121اپارٹمنٹ کے ساتھ، جب اس کا افتتاح کیا گیا تو یہ کراس لیمینیٹڈ ٹمبر سے بنی دنیا میں سب سے بڑی عمارت تھی۔
MINIMOD Catuçaba، برازیل
برازیل میں آرکیٹیکچر اسٹوڈیو MAPA کی طرف سے ڈیزائن کیا گیا، MINIMOD Catuçaba کراس لیمینیٹڈ ٹمبر کا ڈھانچہ ہے جس کا مقصد برازیل کے شاندار مناظر میں اضافہ کرنا ہے۔ متعدد MINIPODs پہلے ہی تیار کیے جا چکے ہیں۔ انھیں ساؤ پالو کے قریب ماڈیولر انداز میں تعمیر کیا گیا اور پھر سائٹ پر نصب کردیا گیا، اس میں ان کی جگہ اور ماحول کے لحاظ سے مختلف کنفیگریشنز کو اپنایا گیا تھا۔