صحن گھروں کی خوب صورتی میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ اگر بات پاکستان کی کریں تو یہاں صحن کا استعمال جتنا سردیوں میں ہوتا ہے، گرمیوں میںبھی صحن کا استعمال اتنا ہی مؤثر رہتا ہے۔ وہی صحن جہاں سردیوں میں بیٹھ کر دھوپ سینکی جاتی ہے تو کئی علاقوں میں گرمیوں کی راتوں میں چار پائیاں بچھا کر سویا بھی جاتا ہے۔ گھر کا ہر حصہ صحن سے ہو کر گزرتا ہے تو کیا یہ انصاف کی بات ہے کہ جب گھر سجانے کی بات آئے تو صحن کو یکسر نظر انداز کر دیا جائے؟
ہم جانتے ہیں کہ آپ صحن کی باقاعدگی سے صفائی کرتے ہیں مگر یقین رکھیں کہ گھر والوں کے مزاج کو خوشگوار بنانے کے لیے اس کی سجاوٹ بھی اتنی ہی اہم ہے۔ سبزے کا کردار صحن کی خوب صورتی بڑھانے کے لیے انتہائی اہم ہوتا ہے۔ سبزہ، صحن کو قدرتی حسن سے مالامال کردیتا ہے، اور اس قدرتی خوب صورتی کے آپ خود بھی گن گاتے نہیں تھکیں گے۔
صحن یا تو بہت اچھے ہو سکتے ہیں یا بہت برُے۔ انہیں ٹھیک سے بنا لیں تو یہ آپ کے گھر میں لطف اُٹھانے کے لیے قیمتی سماجی جگہیں بن جائیں گے۔ لیکن اگر آپ نے انہیں ایسے ہی چھوڑ دیا تو آپ کا تاثر کچھ زیادہ اچھا نہیں جائے گا۔ بہت سے لوگ اپنے گھر کے بیرونی حصے کو بہتر اور جدید بنانے کے خواب دیکھتے رہتے ہیں اور زیادہ تر ان خوابوں میں ایک خوب صورت صحن کا اضافہ شامل ہوتا ہے۔
یہ یقینی طور پر ہلا گلا کرنے اور ملنے جلنے کے لیے شاندار جگہ ہوتی ہے اور یہ کہنے کی ضرورت نہیں کہ یہ آپ کے گھر کی خوبصورتی میں اضافے کے ساتھ ساتھ اس کی قدروقیمت بھی بڑھاتا ہے۔
دیواروں پر گملے لگائیں
ماحولیاتی تبدیلیوں اور بڑھتے عالمی درجہ حرارت کے باعث، اس بات کا تہیہ کرلیں کہ آپ جب بھی نئی تعمیر یا تزئین و آرائش کا کام کریں گے، سبزے کو بنیادی اہم دیں گے۔ سبزے میں ہی آپ کی زندگی ہے اور سبزے سے ہی زندگی کا حسن ہے۔ صحن کو پودوں اور پھولوں سے سجانے کے بہت سارے طریقے ہیں۔
صحن کی سجاوٹ میں پودوں اور پھولوں کا استعمال اس کے ڈیزائن میں بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔ آپ انہیں رنگ برنگے گملوں میں لگا کر اپنے صحن کی دیواروں کے ساتھ لٹکا سکتے ہیں یا صحن کے فرش پر بھی رکھ سکتے ہیں۔ ہمارا مشورہ یہ ہے کہ آپ پودوں کی ایسی اقسام کا انتخاب کریں، جن کی دیکھ بھال آسان اور موسمی حالات سے موافق ہوں۔
آرام دہ کرسیوں کا استعمال
صحن چھوٹا ہو یا بڑا، اس کا سائز آپ کے ذوق کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکتا۔ آپ چھوٹے صحن کو بھی دلکش بناسکتے ہیں اور اپنے گھر کی خاصیت کو برقرار رکھ سکتے ہیں۔ اپنے ذوق کے عملی نمونے اور اسٹائل کے لیے سب سے بہترین چیز اس میں استعمال ہونے والی اشیاء جیسے فرنیچر کا انتخاب ہے۔
جگہ کا استعمال ایک آرٹ
اگر آپ کا صحن چھوٹا ہے تو اس کے ہر ایک انچ کا استعمال یقینی بنانا ضروری ہے۔ ہم کسی بھی چیز کو کم یا زیادہ کرنے کا خطرہ نہیں مول لے سکتے۔ فرنیچر کو اچھی طرح لگائیں اور مختلف قسم کے سامان اور رنگوں کا استعمال کرتے ہوئے اس کی خوب صورتی میں اضافہ کریں۔ سامنے دیوار کے ساتھ اور دیوار پر لگے پودے اور لکڑی کی کرسیاں اور میچنگ تختے، منظر کافی دلکش لگ رہا ہے۔
زین قسم کا باغیچہ
زین قسم کے باغیچے جاپانی اسٹائل کے ساتھ اپنے انداز کا اچھوتا نمونہ ہیں۔ اس باغیچہ میں استعمال ہونے والی اشیاء کو استعمال کرتے ہوئے آپ اپنے صحن کو منفرد بنا سکتے ہیں۔ اس کا پورا فائدہ اُٹھانے کے لیے روشنیوں کا انتظام کرنا مت بھولیں، گرمیوں کی راتوں میں آپ یہاں راحت محسوس کریں گے۔
قدرت کا بہترین استعمال
لکڑی کے بنے گملوں میں جنگلی پھولوں کے بیج لگائیں اور پھر انھیں پھلنے پھولنے دیں۔ لکڑی کی کرسیاں اور تختےرکھیں اور درمیان میں سادہ مگر دلکش ٹیبل۔ قدرتی خوبصورتی کا اس سے بہتر نظارہ تخلیق کرنا شاید ہی ممکن ہوگا۔
قدرتی پتھر
صحن میں لگانے کے لیے سب سے بہترین چیز قدرتی پتھر ہیں۔ آپ کو یہ مختلف شکلوں، سائز میں مل جائے گا۔ حتیٰ کہ رنگ بھی آپ اپنی مرضی کے چُن سکتے ہیں۔ آپ اپنی مرضی کے امتزاج بھی تیار کر سکتے ہیں۔ یہ وہ میٹریل ہے جو کہ قدرتی طور پر کافی بھاری ہوتا ہے، اس لیے آپ کو اس کو لگانے کے لیے کسی کی مدد درکار ہوگی۔
جھولے کی سجاوٹ
اپنے صحن کے کونوں کو مختلف سرگرمیوں کے لیے بانٹ بھی سکتے ہیں۔ مثلاً صحن کے ایک حصے کو آپ بڑے بڑے کشن رکھ کر اور ایک جھولا لٹکا کر خوشگوار بنا سکتے ہیں۔ یہ گرمیوں کے دنوں میں کسی جنت سے کم نہ ہوگا۔
ایک آرام کرنے کی جگہ
صحن میں آپ ہمیشہ اپنے آرام کی جگہ بنا سکتے ہیں۔ مثال کے طور پر تصویر میں ایک تجویز ہے، جسے مناسب اعتدال پسند لاگت سے آسانی سے حاصل کیا جا سکتا ہے۔ اس میں ایک لکڑی کا ڈیک ہے، جو کہ سفید پھولوں اور جھاڑیوں سے گھرا ہوا ہے۔ لکڑی کے ڈیک پر آرام گدہ اور کشن رکھیں اور سکون کے لمحات یہاں گزاریں۔