گھر کا اندرونی حصہ چاہے کتنا ہی عالیشان، خوبصورت اور دلکش کیوں نہ بنایا گیا ہو، وہ گھر کی قدر وقیمت میں اضافے کا باعث اس وقت تک نہیں بن سکتا جب تک بیرونی حصے پر مناسب توجہ نہ دی جائے۔ ایکسٹیریئر کا ڈیزائن جتنا جدید اور تخیل سے ہم آہنگ ہوگا، اتنا ہی آپ کے گھر کی قدر وقیمت بڑھے گی۔ نت نئے ٹرینڈز کو فالو کرنے والوں کی بڑی تعداد مقبول ومعروف ٹرینڈز کی تلاش میں سرگرداں نظرآتی ہے۔
گہرے رنگوں کا امتزاج
ایکسٹیریئر ڈیزائننگ کے لیے ہلکے اور گہرے رنگوں کے بجائے، دوگہرے رنگوں کے امتزاج کو اپنانے پر غور کیا جاسکتا ہے۔ آپ بھی اپنے گھر کی تزئین و آرائش کروانے کے دوران دوگہرے رنگوں کے ملاپ کے ذریعے اپنے گھر کو بہترین اور جدید وضع دے سکتے ہیں۔
گہرے سیاہ رنگ کے ساتھ گہرے نیلے رنگ کا خوبصورت امتزاج یا پھر گہرے سبز رنگ کے ہمراہ گہرا سرخ رنگ یا اس طرح کے دیگر خوبصورت اور گہرے رنگوں کے امتزاج سے ایکسٹیریئر کی شان بڑھائی جاسکتی ہے۔
آؤٹ ڈور کچن
آؤٹ ڈور لیونگ ایریا خاصی توجہ کامرکز رہتا ہے، اسی طرح آؤٹ ڈور کچن بھی ایک مقبول ٹرینڈ کی صورت اختیار کررہا ہے۔ لہٰذا گھر کے بیرونی حصے میں کچن کے لیے تھوڑی سی جگہ نکال کر اس ٹرینڈ کو خوبصورتی کے ساتھ اپنایا جاسکتا ہے۔
آپ کا آؤٹ ڈور کچن ایک طرف پُرامن اور متاثر کن انٹرٹینمنٹ یا ڈائننگ ایریا کی صورت اختیار کرسکتا ہے تو دوسری طرف اندرونی حصے میں بنے کچن میں جگہ کی کمی کےمسئلے کا حل ثابت ہوسکتا ہے۔
آؤٹ ڈور ورکنگ ایریا
آؤٹ ڈور ورکنگ ایریا سے مراد گیراج، اسٹوریج ٹولز یا گھر کا پچھلا حصہ ہے، جس میں خوبصورت رنگوں کا اضافہ کرکے ایکسٹیریئر کو ایک نیا انداز دیا جاسکتا ہے۔ گیراج کے دروازوں کے نت نئے ڈیزائن، کھڑکیوں کے جدید انداز حتٰی کہ برڈ ہاؤسز کے لیے خوبصورت رنگ وروغن، گھر کے اندرونی حصے میں داخلے سے قبل ہی دلکشی کاسبب بنتے ہیں۔ دوسری جانب رواں سال آؤٹ ڈور کی جانب کھلنے والی تمام کھڑکیوں کے ڈیزائن میں نمایاں تبدیلی کی توقع بھی کی جارہی ہے۔
کلاسک کلرز پیلیٹ
’کلاسک کلرز پیلیٹ‘سے مراد ایسے دو رنگوں کا مجموعہ ہے، جو گھر کو کلاسک ٹچ دینے کے علاوہ گھر کے بیرونی حصے کی کشادگی اور دلکشی میں بھی اضافہ کرےگا۔ اس ٹرینڈکے تحت ایکسٹیریئر کے لیے دو غیر جانبدارانہ رنگوں کا استعمال زیادہ مقبول ہوجائے گا۔
ان رنگوں میں سفید رنگ کو خاص اہمیت حاصل ہوگی۔ سفید کے ہمراہ سرمئی رنگ کا امتزاج آپ کے ایکسٹیریئر کے ساتھ پورے ماحول کو ایک خاص انداز فراہم کرے گا۔ سرمئی رنگ کے ساتھ نیلے رنگ کا امتزاج بھی پرسکون اور متاثر کن انتخاب ثابت ہوتا ہے۔
ماڈرن اسٹائل
عام طور پر ماڈرن اور روایتی بیرونی ڈیزائن تعمیراتی ماہرین اور عام افراد کو الجھن میں ڈال دیتے ہیں لیکن اس کے لیے یہ جاننا ضروری ہے کہ جدیدیت، تاریخی آرٹ کی ہی ایک نئی شکل ہے۔ ماڈرن بیرونی ڈیزائننگ کا اہم عنصر اوپن لیونگ ایریا سادہ، ہلکے اور گہرے رنگوں کا امتزاج ہونے کے ساتھ جیومیٹریکل لائن اسٹائل میں تعمیر کیا جاتا ہے۔ یہ اسٹائل مغربی ممالک سمیت مشرقی ممالک میں بھی اپنایا جارہا ہے۔
رینچ اسٹائل
1931ء میں پہلی مرتبہ کسی عمارت کے لیے بیرونی ڈیزائننگ ’رینچ‘ کے طور پر کی گئی۔ رینچ اسٹائل ماڈرن اور دیہی وضع کا ایک خوبصورت اور منفرد بیرونی اسٹائل ہے۔ اس اسٹائل میں گھر کی بنیاد اینٹوں پر جبکہ باقی لکڑی پر ہوتی ہے۔ اس اسٹائل کے تحت بنائے گئے گھر اونچے ہونے کے بجائے پھیلے ہوئے ہوتے ہیں۔ کھلے فرش کی منصوبہ بندی کے ساتھ رینچ اسٹائل کسی بھی گھر کے لیے بہترین انتخاب بن سکتا ہے۔
کاٹیج اسٹائل
لفظ ’کاٹیج‘ کاٹر سے نکلا ہے، اس طرز کے گھروں کا ڈیزائن بھی خاصا قدیم ہے، جس میں قرون وسطیٰ کے دور کے یورپین کسان رہا کرتے تھے۔ یہ اسٹائل چھوٹے گھروں کے لیے بہترین ہے، جو پتھروں اور لکڑی کی مدد سے تعمیر کیے جاتے ہیں۔
اس اسٹائل کے تحت بیرونی ڈیزائننگ کے لیے بل کھاتا داخلی راستہ، پتھر یا اینٹوں سے تعمیر کی گئی گزرگاہ (واک وے)اور رنگوں کے لیے شوخ رنگوں کا انتخاب کیا جاتا ہے۔ جدید دور میں بیرونی حصے اور صحن میں باغیچے کی تعمیرکاٹیج اسٹائل کی خوبصورتی اور دلکشی میں مزید اضافہ کرتی ہے۔