• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کچن میں دیدہ زیب ڈیزائن والے کیبنٹس کی تنصیب

گھر کی تعمیر کسی نہ کسی طور ہو ہی جاتی ہے لیکن سب سے زیادہ مشکل مرحلہ کچن کی تعمیر ہوتی ہے، سمجھ نہیں آتا کہ کون سا انداز اختیار کریں۔ یہ سب کچھ فلور پلاننگ اور جگہ کی دستیابی پر منحصر ہوتا ہے۔ اگر موجودہ کچن کی تزئینِ نو کرنی ہوتو ہم مخمصے میں پڑجاتے ہیں کہ آخر آغاز کہاں سے کیا جائے۔ فی الحال تو سادہ سا مشورہ یہی کہ کچن کا جو حصہ خراب ہے تو اس کی مرمت لازمی کروالی جائے۔ کچن میں کیبنٹس یا شیلف بنوانا لازم و ملزوم سمجھا جاتا ہے۔ 

آج کل کھلی کیبنٹس بنوانے کا رجحان ہے، تاہم اگر کیبنٹس بند بھی ہوں تو ان کے نت نئے ڈیزائن دستیاب ہیں۔ کھلی کیبنٹس کو نصب کرنا اور انہیں استعمال کرنا آسان ہوتا ہے کیونکہ ان کو کھولنے اور بند کرنے کی فکر بھی نہیں رہتی۔ کیبنٹس کسی بھی کچن کو کشادہ اور ہوا دار بناتی ہیں۔ 

اس کے علاوہ یہ سجاوٹی اشیا کو ظاہر کرنے اور دیواروں پر ہلکے خوبصورت رنگوں کو متعارف کرانے کا موقع بھی فراہم کرتی ہیں۔ اگر آپ کیبنٹس کے ذریعے کچن میں کچھ اچھوتا انداز لانا چاہتے ہیں تو اس کیلئے مشورے حاضر ہیں۔

کھلے کیبنٹس

اگرآپ کو بنیادی طرز کے کچن پسند ہیں تو کھلے کیبنٹس آپ کیلئے بہتر رہیں گے۔ اس کیلئے آپ کو کیبنٹس کی پوری سیریز لگانی پڑتی ہے، جو Uشیپ یا گول کچن میں لگائی جاتی ہے، یہ کچن کو عمدہ اسٹائل دیتی ہے۔ کھلے کچن میں اس طرح کے کیبنٹس کا فائدہ یہی ہے کہ دروازے، پٹ یا ہینڈل خراب ہونے کی فکر نہیں رہتی اور ان کے اندر رکھے آئٹمز نمایاں نظر آتے ہیں۔ 

اگر آپ یکساں قسم کا مٹیریل استعمال کریں تو بھی ایک عمدہ سیریز سامنے آتی ہے۔ کھلے ہونے کی وجہ سے ان کیبنٹ میں رکھنے برتنوں یا آئٹمزپر دھول مٹی جمنے کا خدشہ ہوتا ہے اس لیے ان کی باقاعدہ صفائی ضروری ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ لال بیگ سے حفاظت کیلئے اقدامات بھی کرنے پڑتے ہیں۔

فلیٹ پینل

آپ اپنے کچن میں سستے، خوبصورت اور سجاوٹی ڈیزائن والے کیبنٹس تیار کرواسکتے ہیں۔ فلیٹ پینل سیدھے سادے ڈیزائن کی خصوصیات رکھتاہے۔ ان کی لکڑی اور دھاتیں بآسانی دستیاب ہوتی ہیں اور سہل طریقے سے صاف بھی ہو جاتی ہیں۔ سادہ ہونے کی وجہ سے شاید یہ آپ کو اتنی زیادہ متاثر نہ کریں مگر استعمال میں پائیدار ہوتی ہیں۔

کیبنٹس کو دلکش بنانےکے لئے آپ اس پر پینٹنگز کرسکتے ہیں جبکہ برتن اور سجاوٹی گلدان وغیرہ نمائش کے لئے رکھ سکتے ہیں۔ کچن کو منفرد انداز دینے کے لئے اپنی مرضی اور پسند کا خوبصورت فرنیچر بھی شامل کیا جاسکتا ہے، جس سے کچن میں دلکشی اور انفرادیت آجاتی ہے۔

گلاس فرنٹ

گلاس فرنٹ کیبنٹ کو بہت احتیاط سے لگایا جاتا ہے۔ ا س کے نیم شفاف ڈیزائن بھی آتے ہیں تاکہ اندر رکھی اشیا نمایاں نظر نہ آسکیں۔ یہ کچن کو ایک منفرد انداز بخشتے ہیں۔ آپ اس کے اندر لگے شیشے کے مختلف ڈیزائن منتخب کرسکتے ہیں۔ اس کے پٹ پر بنے مستطیل چوکھٹے اسے عمدہ لُک دیتے ہیں۔

چھوٹے کچن کیلئے بھی کیبنٹ شیشے کے کئی بہترین ڈیزائن دستیاب ہیں اور چاہیں تو بالکل شفاف شیشے بھی لگوائے جاسکتے ہیں۔ کچن میں چولہے کی وجہ سے شیشوں پر دھواں وغیرہ جم جاتا ہے، لہٰذا ان کیبنٹس کی باقاعدگی سے صفائی ضروری ہے۔ شیشے چونکہ بآسانی ٹوٹ سکتے ہیں تو ان کی صفائی میں احتیاط برتنی چاہئے۔

دھاتی کیبنٹس

دھاتی کیبنٹس بہت مقبول ہیں کیوںکہ یہ بآسانی صاف ہو جاتی ہیں۔ اسی وجہ سے دھاتی کیبنٹس کا انتخاب ہمیشہ اِن رہا ہے۔ آپ مارکیٹ میں موجود دلکش دھاتی اسٹائل کی کیبنٹس کا انتخاب کرسکتے ہیں۔

شیکر ڈیزائن

شیکر ڈیزائن درمیان میں مستطیل ہوتے ہیں ، نقش و نگار سے مبرا یہ کیبنٹس باذوق لوگوں کی پسند ہوتے ہیں۔ یہ روایتی اور ماڈرن دونوں اقسام کے کچن کیلئے موزوں ہیں۔ یہ مختلف قسم کے ٹائلز سے مطابقت اختیار کرسکتے ہیں۔ اگر آپ اس میں کسی قسم کی آرائش و زیبائش کرنا چاہیں گے تو آپ کو زیادہ مزہ نہیں آئے گا۔

بِیڈڈ اِن سیٹ

بِیڈڈ اِن سیٹ کے فریم کے ارد گرد ڈیزائن بنے ہوتے ہیں، جس سے اس کیبنٹ کے دروازے نمایاں ہو جاتے ہیں۔ دروازے اس کی مرکزی کیبنٹ کا اہم حصہ ہوتے ہیں لیکن اس کا کوئی حصہ باہر نکلا ہوا نہیں ہوتا۔ اس کے درمیان میں ایک ریزڈ ایریا ہوتا ہے جو اس کے ڈیزائن کو گہرائی بخشتا ہے۔ 

اس کی خصوصیت ہے کہ یہ کسی بھی قسم کے سائز میں استعمال ہوسکتے ہیں۔ ہینڈل کے ناب کیلئے عمدہ جوڑی منتخب کی جاسکتی ہے، جو اس کے سائز سے مطابقت رکھتی ہو۔ اس قسم کے کیبنٹ کو بہت دیکھ بھال کر لگایا جاتاہے وہ بھی اس طرح کہ ا س کے دروازے کھلنے میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ آئے۔

اوپر لگے کیبنٹس

اوپر لگے کیبنٹس raised کیبنٹس کہلاتے ہیں۔ اس میں ہر دروازے کو مستطیل یا مربع شکل ملتی ہے۔ اس سے کیبنٹ میں خوبصورتی پیدا ہوتی ہےاور یہ کئی سائز یا شیپ میں لگائے جاسکتے ہیں۔ اس میں صر ف ایک قباحت ہےکہ دروازے کےکناروں میں دھول مٹی جم جاتی ہے۔ 

ان کے نیچے اتنی جگہ رکھی جاتی ہے کہ وہاں بآسانی کام کیا جاسکے جیسے کہ سنک لگالیا جائے۔ ان کے لیے زیادہ جگہ درکار ہوتی ہے اور ان میں اسٹوریج کی بھی کافی گنجائش ہوتی ہے۔ ماڈرن کچن میں یہ ڈیزائن اب کم ہوتا جارہا ہے کیونکہ اس کے ہینڈل کم عرصہ چلتے ہیں۔

تعمیرات سے مزید