پری فیبریکیشن کا مطلب ہوتاہے ،پہلے سے تیار شدہ مصنوعات کو ایک فیکٹری یا دیگر مینوفیکچرنگ یا تعمیراتی ڈھانچے میں انہیں اسیمبل (جوڑ کر ) کرکے تعمیراتی جگہ پراستعمال کرنا جہاں اس اسٹرکچر کو کھڑا ہونا ہے۔جیسے اینٹ در اینٹ لگانے سے بہتر ہے کہ بنی بنائی دیواریں ہی لگاد ی جائیں، یا لکڑی سے بنے پورے زینے بمعہ ریلنگ فکس کردیے جائیں۔
معماروں کے لئے تیارشدہ مصنوعات نیا تصور نہیں ہے، لیکن اب اس کا استعمال عروج پر ہے۔ آج کی محدود مقامی صلاحیت اور لاگت کے حساب سے تعمیراتی صنعت میں اس حکمت عملی کا استعمال مؤثر اور ہر دانشمندانہ طریقے سے ہونے لگا ہے۔ یہ وجہ ہے کہ تیار شدہ لکڑی کے اجزاء، جو لکڑی کے دونوں فریموں اور بڑے پیمانے پر لکڑی کی تعمیرات میں استعمال ہوتے ہیں، نے بہت سارے ڈیزائن اور انجینئرنگ چیلنجوں کو حل کرنے میں مدد کی ہے۔
مٹیریل اور وقت کےکارگر استعمال، کم زیاں اور قیمت کو دسترس میں لانے کے ساتھ ساتھ، تیارشدہ مصنوعی لکڑی کے عناصر اعلی کارکردگی اور انرجی ایفیشینٹ ڈیزائن کے فوائد پیش کرتے ہیں۔ خاص طورپر لکڑی کی پری فیبریکیشن تو تعمیر کے معیار او رفتار کو بڑھا دیتی ہے۔
تیار شدہ تعمیراتی عناصر کی تیاری کا عمل گذشتہ صدی میں پہلی بار ریاستہائے متحدہ میں اپنایا گیا تھا۔ دوسری جنگ عظیم کے بعد سستی معیاری رہائش گاہوں کی ضرورت تھی، جس کی وجہ سے "کٹ آف پارٹس عمارتوں (kit-of-parts buildings) میں اضافہ ہوا۔ آج کل، جدید ڈیجیٹل ٹولز تیار شدہ مصنوعات کی تیار ی کوبھی آسان بنا رہے ہیں۔
تیار شدہ تعمیراتی مٹیریل کا استعمال ڈویلپر زکو کم قیمت ، پائیدار اور مؤثر پروجیکٹ مہیا کرتا ہے۔ تعمیر کو کم سے کم وقت میں انجام تو دیا جاتا ہی ہے ساتھ ہی دیکھ بھال بھی کم کرنی پڑیتی ہے اور مٹیریل کا زیاں نہیں ہوتا، لیبر اور لاگت کم لگتی ہے، اور باسہولت ہونے کے ساتھ ساتھ تعمیرات کے سارے عوامل بہ احسن پورے ہو جاتے ہیں۔
کم اجزا کی تنصیب پر مشتمل منصوبہ بندی تعمیر کے عمل کو معیاری بناتی ہے اور سائٹ پراجزا ء کے جوڑتوڑ میں لگنے والے وقت کو کم کرتی ہے۔ اس کے علاوہ، اس کنٹرول شدہ ماحول میں اجزاء تیار کیے جارہے ہیں جو اعلی کوالٹی کے اور عین ضرورت کے مطابق ہوتے ہیں۔ ورکشاپ میں لکڑی کے اجزاء کوفیبریکیٹ کرنے او ر ڈیزائن کرنے کے بعد ان کو ٹرکوں پر بھرا جاتا ہے ، اور فوری طور پر اسمبلی کے لئے سائٹ پر لے جایا جاتا ہے۔
مرضی کے ڈیزائن
چونکہ اسمبلنگ سائٹ سے ہٹ کر کی جاتی ہے، لہٰذا پہلے سے تیار شدہ پروجیکٹس آپ کو معیاری رہائشی اسٹرکچر یا متبادل فراہم کرتے ہیں۔ ہر کلائنٹ کے پاس ایک مخصوص ڈیزائن کومنتخب کرنے یا کسی بھی قسم کی خدمات حاصل کرنے کا اختیار ہوتاہے چونکہ لکڑی متعدد ڈیزائن کے امکانات کے ساتھ ایک ورسٹائل مٹیریل ہے، لہٰذا یہ کلائنٹ کو ڈیزائن کے انتخاب اور فنشڈ پروڈکٹس کے کئی آپشنز فراہم کرتا ہے۔
کارکردگی
پہلے سے تیار شدہ منصوبوں کے ساتھ ، کارکردگی کا تقریباََایک عالمگیر فائدہ ہوتا ہے۔ ان لوگوں کے لئے جن کیلئے وقت ہی سب کچھ ہوتا ہے، یہ بنےبنائے اسٹرکچرز تیز ترشیڈول کے ساتھ تعمیراتی لاگت میں کمی لاتے ہیں۔ جب عمارت کی بنیاد ڈالی جارہی ہوتی ہے، عمارت میں میں شامل ہونے والے لکڑی کے اسٹرکچرز یا فیبریکیشن یا اجزاکمپنی ورکشاپ میں تیار ہورہی ہوتی ہیں چونکہ یہ اسٹرکچر فیکٹری کے اندر تیار کیا جارہا ہے، اس لئے عام تعمیراتی منصوبوں کے مقابلے میں تکنیکی غلطیوں کی تعداد بہت کم ہوتی ہے، جس میں ایڈجسٹمنٹ کرنےتاور دہرائے جانے والے کاموں کی بچت ہوتی ہے۔
رفتار کے علاوہ، مٹیریل اور وقت دونوں میں کمی کے سبب ویسٹیج کم ہوتا ہے، اس لئے پریفیبریکیٹڈ اسٹرکچر سے بجٹ آسان ہوسکتا ہے۔ اگرچہ عمارت کے سامنے والے حصے میں زیادہ مہنگے معلوم ہوتے ہیں، (ڈیزائن اور دلکشی کے سبب) لیکن سائٹ پر تعمیر کے بعد انسٹال ہونے والی کل لاگت کم سے کم ہوجاتی ہے۔
استحکام یا پائیدار ی
آپ سوچ رہے ہوں گے کہ لاگت، وقت اور ویسٹیج کم ہونے کے سبب اس کے استحکام پر بھی سوالیہ نشان ہوسکتا ہے، لیکن ایسا نہیں ہے، پری فیبریکیشن ٹیکنالوجی سے کھڑا اسٹرکچر بھی استحکام یا پائیدار ی میں اپنی مثال آپ ہے، تبھی تو درخت سینکڑوں سال کھڑے رہتے ہیں اور افتاد زمانہ کو جھیلتے ہیں۔ پائیدار ی کے علاوہ لکڑی سے بنے اسٹرکچر ماحول دوست بھی ہوتے ہیں، اور قدرتی ماحول کا تاثر پیش کرتے ہیں۔
لکڑی کا استعمال
مرکزی خوابگاہ کی الماری، لکڑی سے ہی بنا ہوا فرش اورچھت پر لکڑی کا استعمال کرکے اس میں جدید لائٹنگ کا انتظام کیا جاسکتا ہے۔ لکڑی کی کم قیمت، مضبوط اور دلکش ڈیزائن والی سیڑھیاں گھر کو نیا لُک دیتی ہیں۔ اونچی چھت ہو تو میزنائن روپ دینے کیلئے لکڑی سے بنا آفس نما کمرہ ایک عمدہ فیصلہ ہو سکتا ہے۔
جدید دور میں لکڑی کے بہت سے نئے اور فینسی دروازے مارکیٹ میں متعارف کیے چکے ہیں۔ جب کبھی اسٹیل اور لکڑی کو ملا کر استعمال کیا جاتا ہے تو نتیجے میں بہت خوبصورت اور انڈسٹریل انداز ملتا ہے۔ لکڑی نہ صرف بہت ساری چیزوں میں استعمال ہوتی ہے بلکہ یہ بہت پائیدار بھی ہوتی ہے۔
کچن میں ہلکے رنگ کی لکڑی کو جب سفید رنگ کے ساتھ ملا دیا جائے تو آپ کا باورچی خانہ بہت ہی روشن اور ہوا دار معلوم ہوسکتا ہے، غرض لکڑی آپ کے گھر میں استعمال ہونے والی مختلف اشیاء میں توازن پیدا کرنے کے لیے بھی استعمال ہو سکتی ہے۔