• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مکان فروخت کرنے سے قبل کچھ تبدیلیاں کریں

جس طرح مکان خریدنا آج کے دور میں سب سے مشکل کام ہے، بالکل اسی طرح مکان کو اچھی قیمت پر فروخت کرنا بھی آسان نہیں ہوتا۔ چونکہ مکان انسان کے قیمتی اثاثہ جات میں سے ایک ہے، لہٰذا اسے کم داموں فروخت کرنے کا تصور نہیں کیا جاتا اور یہی کوشش ہوتی ہے کہ اس کی بہتر سے بہتر قیمت مل جائے۔ 

چنانچہ مالک مکان کے لیے ان عوامل کو جاننا ضروری ہے، جن پر عمل کرتے ہوئے مکان کی قدروقیمت میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔اس سلسلے میں کیے گئے ایک سروے نتائج کے مطابق مکان خریدنے والے افراد کی 71فیصد شرح اس بات پر اتفاق کرتی ہے کہ مکان کا بیرونی حصہ (مثلاً داخلی حصہ، بیک یارڈ، فرنٹ یارڈ ،واک وے وغیرہ) پہلا مثبت یا منفی تاثر قائم کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ اس رجحان کو دیکھتے ہوئے اس حصے میں خاص تبدیلی لاکر آپ اپنے گھر کی قدرو قیمت بڑھاسکتے ہیں۔

رنگ و روغن

اگر آپ چاہتے ہیں کہ مکان میں کی گئی تھوڑی سی سرمایہ کاری آپ کوبڑافائدہ پہنچائے تو اس کے مختلف حصوں کو پینٹ کروانے کی جانب توجہ دیں۔ اگر آپ کا بجٹ رنگ کو تبدیل کرنے کی اجازت نہ دے تو آپ موجودہ رنگ وروغن جیسا ہی ایک کوٹ دوبارہ لگواسکتے ہیں۔ اندرونی حصوں میں کمرے کی ایک دیوار کا رنگ وروغن تبدیل کرنے کے ذریعے بھی گھرکی خوبصورتی میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔

گھر کے اندرونی حصے میں رنگ نہیں کرواسکتے تو بیرونی حصے میں رنگ وروغن کروانے کے ذریعے گھر کو نیاپن دیا جاسکتا ہے۔ بس یوں سمجھ لیں کہ رنگ وروغن پر کی گئی سرمایہ کاری گھر کو روشن کرنے کے ساتھ ساتھ دوسروں کو متوجہ کرنے اور اچھے داموں مکان فروخت کا سبب بنے گی۔

مرکزی دروازہ

گھر کی قدروقیمت بڑھانے والے عوامل میں سرفہرست ، گھر کےمرکزی دروازے کی تبدیلی ہے ۔ لیکن یہ تبدیلی اس بات پر منحصر ہے کہ آپ کا مرکزی دروازہ کتنا پرانا ہے۔ اگر آپ نے کچھ عرصہ قبل ہی مرکزی دروازہ تبدیل کیا ہے تو مکان فروخت کرنے سے قبل صرف اس پر رنگ وروغن کروانا ہی آپ کے ایکسٹیریئر کی قدروقیمت بڑھانے کا سبب بن جائے گا۔ 

مرکزی دروازہ گھر کی خوبصورتی میں اضافہ کرنے کے علاوہ مہمانوں کے استقبال کے لیے بانہیں پھیلائے نظر آتا ہے۔ خریدار جب مکان دیکھنے کے لیے آتے ہیں تو اسی مرکزی دروازوں سے ہوتے ہوئے اندر داخل ہوتے ہیں، کوشش کریں کہ وہ انھیں متاثر کرسکے۔

فرش کی تبدیلی

وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ فرش پرانا معلوم ہونے لگتا ہے جیسے کہ کئی پرانے گھروں میں آج تک موزائیک نظر آتا ہے۔ اگر آپ کا بجٹ اجازت دے تو ٹائل، ماربل، لکڑی وغیرہ جیسے تعمیراتی مواد کا استعمال کرکے فرش تبدیل کروائیں۔ ایسا کرنے سے آپ کے مکان کی قدروقیمت میں واضح اضافہ ہوگا۔

خوبصورت کھڑکیاں

اگر دروازہ گھر کی گزرگاہ ہے تو کھڑکیاں گھر میں دھوپ، ہوا اور وینٹی لیشن کا ذریعہ بنتی ہیں۔ کھڑکیاں اگرجدید، پائیدار، کشادہ اور بڑی ہوں تو یہ گھر کی خوبصورتی میں خاطر خواہ اضافہ کرتی ہیں۔ خوبصورت کھڑکیاں، گھر کو روشن اور ہوادار بنانے کے علاوہ، انسولیشن کے لیے بہترین ہوتی ہیں۔ 

اگر یہ انرجی ایفیشنٹ ہوں تو گھر کے بلوں میں نمایاں کمی آتی ہے، گھر کو ٹھنڈا یا گرم رکھنے کی صلاحیت کی حامل یہ کھڑکیاں ایک معمولی مکان کی قیمت میںبھی نمایاں اضافہ کرنے کا سبب بنتی ہیں۔ اس لیے مکان فروخت کرنے سے قبل کھڑکیوں کی تبدیلی کی جانب غور کریں۔ دوسری صورت میں کھڑکیوں کے فریم اور گلاس تبدیل کرنے کے ذریعے بھی گھر کی شان میں دوچند اضافہ کیا جاسکتا ہے۔

باورچی خانہ

گھر کے باورچی خانے میں جدید کیبنٹس لگواکر آپ اسے نیا انداز فراہم کرسکتے ہیں جو دیکھنے والوں کو یقیناً متاثر کرے گا۔ جدید کیبنٹ اسٹائل بنوائیں جس میں لکڑی یا اسٹیل استعمال کرتے ہوئے ایک کیبنٹ کو دو سے تین حصوں میں تقسیم کیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ، کاؤنٹر ٹاپ پر بھی توجہ دی جاسکتی ہے۔

باتھ روم

باتھ روم کی آدھی ٹائل والی دیواروں کو مکمل ٹائل والی کروانےاور سینٹری سامان تبدیل کرنے سے نیا پن لایا جاسکتا ہے۔ اس کے علاوہ باتھ روم کی کسی ایک دیوا ر کے ٹائل تبدیل کروانے سے اس میں نیا پن لایا جا سکتاہے۔ جدید طرز کی سینٹری فٹنگز بھی باتھ روم کو ایک نیا لُک دے سکتی ہیں۔

لینڈ اسکیپنگ

ہر انسان باغبانی کا شوق نہیں رکھتا،کچھ ایسے بھی لوگ ہوتے ہیں جو ہریالی اور پودوں کی دیکھ بھال نہیںکرپاتے، یہی وجہ ہے کہ ایسے لوگوں کے گھر ہریالی سے محروم نظر آتے ہیں۔ تاہم اس کے برعکس کچھ لوگ ایسے بھی ہوتے ہیں جن کے گھروں میں داخلے کے ساتھ ہی لینڈ اسکیپنگ ایریا توجہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوجاتا ہے۔ 

ایک خوبصورت لینڈاسکیپنگ ایریابھی آپ کے گھر کی قدورقیمت بڑھانے میں معاون ثابت ہوسکتا ہے۔ لہٰذا مکان فروخت کرنے سے قبل، لینڈاسکیپنگ ایریا کی جانب توجہ دیں اور اس میں کچھ ضروری تبدیلیاں لانے کی کوشش کریں مثلاًپھل، پھول، درختوں اور سبزیوں کے قطعے بنانا، پلے ایریا، سٹنگ ایریا وغیرہ کا انتظام کرنا۔

تعمیرات سے مزید