بالی ووڈ کی معروف سینئر اداکارہ ارچنا پورن سنگھ نے انکشاف کیا ہے کہ وہ مشہور ٹی وی شو ’دی کپل شرما شو‘ میں جھوٹی ہنسی ہنستی ہیں۔
یاد رہے کہ بالی کے معروف کامیڈین و اداکار کپل شرما نیٹ فلکس پر اپنے نئے شو، ’دی گریٹ انڈین کپل شو‘ کے ذریعے شائقین کو دوبارہ سے ہنسانے کے لیے بھرپور تیاری کے ساتھ واپس آ رہے ہیں۔
اس شو میں کپل شرما سمیت ارچنا پورن سنگھ، کیکو شاردا، سنیل گروور اور کرشنا ابھیشیک کو بھی دیکھا جا سکے گا۔
اس شو میں کپل شرما کا کام میزبانی، باقی ٹیم کا کام مختلف انداز اپنا کر لوگوں کو ہنسانا جبکہ ارچنا کا کام خصوصی نشست پر بیٹھ کر قہقے لگانا ہے۔
ارچنا پورن نے حال ہی میں اس شو میں اپنے کردار سے متعلق میڈیا سے کھل کر بات چیت کی ہے۔
اُنہوں نے اپنے کام کو ’دنیا کا بہترین کام‘ قرار دیا ہے۔
دوسری جانب اداکارہ کو اکثر برے اور ناکارہ لطیفوں پر بھی جعلی ہنسی ہنستے ہوئے دیکھا گیا ہے جس پر اُنہیں تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔
ارچنا کا کہنا ہے کہ ’اب ایسا بھی نہیں ہوتا کہ شو میں سب ہی لطیفے بہت اعلیٰ معیار اور ہنسنے کے قابل ہوں، اب آپ دیکھیں گے اور آپ نے یہ بات محسوس کی ہوگی کہ پچھلے تین برسوں سے جب سے ہم شو کر رہے ہیں اور خاص طور اب ہم نیٹ فلکس پر شو کریں گے، میں پہلے ہر برے لطیفوں پر بھی ہنستی تھی مگر اب میں ایسا نہیں کروں گی۔
ارچنا نے انکشاف کیا کہ شو سے قبل یہ طے ہوتا تھا کہ اگر کسی لطیفے میں دم نہیں ہوگا اور خدشہ ہوتا تھا کہ اس پر عوام نہیں ہنسے گی تو ہم یہ فیصلہ کرتے تھے کہ میں اس لطیفے پر خوب ہنسوں گی تاکہ وہ لطیفہ بیکار نہ چلا جائے، اُس پر بھی عوام ہنسیں، مگر ہر بار ایسا نہیں ہوتا تھا اور مجھے ہی تنقید کا سامنا کرنا پڑتا تھا مگر اب ایسا نہیں ہوگا۔
ارچنا پورن سنگھ کا کہنا تھا کہ اُنہیں بلاوجہ ہنستے ہوئے دیکھ کر لوگ کہتے تھے کہ یہ عورت پاگل ہے، بلا وجہ ہنس رہی ہے۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ لوگ مجھ سے اکثر یہ سوال بھی کرتے تھے کہ وہ اتنا کیسے ہنس لیتی ہیں جس پر وہ خاموش ہوجاتی تھیں مگر دراصل اس کے پیچھے ایک راز تھا، شو کو ترمیم کے بعد نشر کیا جاتا ہے اسی لیے میری ہنسی کو بہت سی جگہوں پر ایڈٹ کر دیا جاتا ہے۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ ’مجھے نہیں معلوم تھا کہ ایک دن میں اپنی ہنسی کے لیے زیادہ مشہور ہو جاؤں گی، ایک اداکار کے طور پر میں نے ہمیشہ یہی سوچا تھا کہ میری پرفارمنس کو یاد رکھا جائے گا مگر میری ہنسی زیادہ مشہور ہو گئی ہے، دیکھیں تقدیر آپ کو کہاں لے جاتی ہے۔
واضح رہے کہ ’دی گریٹ انڈین کپل شو‘ رواں ماہ 30 مارچ، یعنی آج کے روز نیٹ فلکس پر نشر ہونے جا رہا ہے۔