سوال: اعتکاف کی کتنی قسمیں ہیں اور ان کی تفصیل کیا ہے؟
جواب: اعتکاف کی تین قسمیں واجب، سنّت اور مستحب ہیں۔
واجب اعتکاف وہ ہے جس کے کرنے کی کسی شخص نے نذر مان لی ہو۔ مثلاً یہ کہ اگر میرا فلاں کام ہوگیا تو میں اعتکاف کروں گا، تو اس کام کے ہونے کے بعد اعتکاف کرنا واجب ہوگا۔ یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ اعتکاف واجب کے لئے روزہ بھی شرط ہے، بغیر روزہ کے یہ اعتکاف صحیح نہ ہوگا۔
اعتکاف کی دوسری قسم سنّت ہے۔ اس کا وقت رمضان کا آخری عشرہ ہے۔ جناب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمیشہ رمضان کے آخری عشرہ کا اعتکاف فرمایا۔
مستحب اعتکاف وہ ہے جو نہ تو نذر کا ہو اور نہ رمضان کے آخری عشرہ کا۔ ان دونوں کے علاوہ کبھی بھی اعتکاف کیا جائے، وہ مستحب اعتکاف کہلائے گا۔ اس میں وقت کی بھی کوئی حدبندی نہیں بلکہ چند لمحوں کے لئے بھی یہ اعتکاف کیا جاسکتا ہے۔ حتیٰ کہ جب بھی مسجد میں داخل ہوں تو اعتکاف کی نیت کرلی جائے تاکہ مسجد میں جتنی دیر بھی رہے، اعتکاف کا ثواب بھی ملتا رہے۔
اگر آپ رحمتوں اور برکتوں والے اس ماہ مبارک سے متعلق مزید دینی و دنیاوی شرعی مسائل کا حل جاننا چاہتے ہیں تو دیے گئے لنک (https://ramadan.geo.tv/category/islamic-question-answers) پر کلک کیجئے۔