فیصل آباد ( خبر نگار خصوصی)معاشرے کے محروم طبقات کی دلجوئی کرکے عید کی حقیقی خوشیاں حاصل کی جاسکتی ہیں لہذا مسرت وشادمانی کے اس موقع پر ہمیں بے سہارا اور مستحق افراد کو نہیں بھولنا چا ہئے ۔یہ بات صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اﷲ خاں نے چاند رات کے موقع پر ایس اوایس ویلج میں مقیم بچوں میں عید گفٹس تقسیم کرتے ہوئے کہی۔ڈی سی او سلمان غنی‘ای ڈی او کمیونٹی ڈویلپمنٹ چوہدری محمد اشرف‘چیئرمین ایس او ایس ویلج کشور پرویز ودیگر بھی اس موقع پرموجود تھے،صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اﷲ خاں اپنی اپنی کاٹیج کے باہر جمع بچوں کے پاس گئے اور کپڑے‘جوتے ‘کھانے پینے کا سامان‘کھلونے‘بچوں کی دلچسپی کی دیگر اشیاء پر مبنی عید گفٹس دئیے۔اس موقع پر ایس اوایس ویلج کے بچوں نے چاند رات کے حوالے سے کھیل تماشوں میں حصہ لے کر خوب انجوائے کیا ۔ان کے لئے گول گپے‘قلفیوں سمیت کھانے پینے کی دیگر اشیاء کے سٹالز لگائے گئے تھے جبکہ مختلف سٹالز پر بچیوں کو چوڑیاں پہنائیں اور مہندی لگائی گئی۔