مرتّب: طلعت عمران
ہم نے ہر سال کی طرح حسبِ روایت امسال بھی سن ڈے میگزین کے ’’عیدالفطر ایڈیشن‘‘ کے لیے آپ کو اپنے پیاروں کے نام پیغامات بھیجنے کا سندیسہ دیا۔ جواباً بہت کم وقت میں بھی آپ کی جانب سے میٹھی عید کی میٹھی میٹھی خوشیوں سے لب ریز، محبّت و چاہت کی شیرینی میں گندھے، دلی جذبات و احساسات پر مبنی متعدّد پیغامات وصول ہوئے۔
ذیل میں آج اُن پیغامات کی دوسری قسط پیش کی جارہی ہے، یعنی آپ کی نیک تمنّاؤں، محبتّوں اور چاہتوں سے بھرپور پٹاری، ہم آپ ہی کے سامنے کھول کے رکھے دے رہے ہیں۔
(اہلیہ، شازیہ عمران کے لیے)
میری شریکِ حیات، میری زندگی کی ساتھی! تمہارے بغیر میری تمام خوشیاں، تمام کایابیاں ادھوری ہیں کہ تمہارا ہونا ہی میرے لیے سب کچھ ہے۔ میری طرف سے تمہیں عید الفطر کی ڈھیروں مبارک باد۔ (عمران خالد، گلستانِ جوہر، کراچی کا اپنی نصف بہتر کے لیے چاہت بھرا پیغام )
(پیاری مما کے نام)
دیکھا ہلالِ عید تو آیا تیرا خیال
وہ آسماں کا چاند ہے، تُو میرا چاند ہے
پیاری مما! اللہ تعالیٰ آپ کا سایہ ہمارے سَروں پر تادیر قائم رکھے۔ میر دعا ہے کہ اللہ آپ کو اس عید پر ہزاروں خوشیاں نصیب فرمائے۔ (آمین) (ماہم عمران، گلستانِ جوہر، کراچی کی طرف سے)
(سن ڈے میگزین کی ٹیم کے نام)
سن ڈے میگزین کی پوری ٹیم کو میری طرف سے بہت بہت عید مبارک ہو۔ (ڈاکٹر منصور جمیل خانزادہ، نوشہروفیروز، سندھ)
(قارئین کے لیے)
میری طرف سے تمام رشتے داروں، احباب، جنگ سن ڈے میگزین کے قارئین اور اُمّتِ مسلمہ کو دلی عید مبارک۔ عیدِ سعید کے موقعے پر بچھڑے یاد آتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ میرے والد مرحوم کے درجات بلند اور انہیں جنّت الفردوس میں اعلیٰ و ارفع مقام عطا فرمائے۔(آمین) (محمد اقبال شاکر، بلال شاکر اور محمد رمضان، میاں والی کا پیغام)
(اہلِ پاکستان کے نام)
اہلِ پاکستان کو میری طرف سے عیدِ سعید مبارک ہو۔ (عائشہ اسلم)
رشتے داروں، دوست احباب کے نام
الله کرے، رمضان المبارک اور عید الفطر کے صدقے پاکستان سے منہگائی کا ہمیشہ کے لیے خاتمہ ہو جائے اور ہر پاکستانی کو خوشیاں نصیب ہوں۔ (قاسم عباس، اونٹاریو، کینیڈا کا اپنے پیاروں، خیرخواہوں کے لیے دعاؤں بھرا پیغام)
(عالمِ اسلام کے نام)
پورے عالمِ اسلام کو عید الفطر کی خوشیاں مبارک ہوں۔ (فرید اقبال انجم، پاک پتن کاپیغام)
( مرحوم دوستوں اور رشتےداروں کے نام)
؎عید کا دن بھی عام دنوں کی طرح گزرا … جانے کیا بات تھی، ہر بات پہ رونا آیا…آنکھ نم کرگیا ،بچھڑے ہوئے لوگوں کا خیال … دردِ دل دے کے ہمیں ڈُوب گیا عید کا چاند ۔ (لیاقت مظہر باقری، گلشنِ اقبال، کراچی کی جانب سے)
(پیارے والدین کے نام)
دُنیا کا عزیز ترین رشتہ والدین کا رشتہ ہے، جو ہر خوشی،غمی کے موقعے پر بہت یاد آتے ہیں اور بہت خوش نصیب ہیں وہ لوگ کہ جو اپنے والدین کے ساتھ خوشی کے مواقع ، تہوار مناتے ہیں۔ ہم اپنے پیارے مرحوم والدین کے لیے دُعاگو ہیں کہ اللہ تعالیٰ عیدالفطر کے پر مسرّت موقعے پر اُن پر اپنی رحمتوں، کرم کا نزول فرمائے، ان کی بہترین ضیافت و مہمان نوازی کرے۔ (آمین) (زاہد احمد خان، کامران احمد خان، سمیرا خان اور شازمہ خان، مرشد ٹاؤن، کھنّہ کاک راول پنڈی)
(محبوب کے نام)
غمِ زندگی، غمِ بندگی، غمِ دوجہاں، غمِ جاوداں
میری ہر نظر تیری منتظر، تیری ہر نظر میرا امتحاں (نبیل اختر، محلّہ راجہ سلطان، راول پنڈی سے)
(اہلِ غزہ کے نام)
ہم عید الفطر کے موقعے پر دُعاگو ہیں کہ اللہ تعالیٰ دُنیا بَھر کے مظلوم مسلمانوں، بالخصوص فلسطین اور کشمیر کے مسلمانوں کو اسرائیل اور مودی کے مظالم سے نجات دلائے اور اُنہیں آزادی نصیب فرمائے۔ (آمین) (محمد عافیان احمد عمرانی، حافظ محمد عالیان اور احمد عمرانی، ملتان کی جانب سے)
(اہلیہ اور بچّوں کے نام)
میری اہلیہ اور بچّوں، محمد عافیان احمد عمرانی، عفیفہ عمرانی، عافیہ عمرانی، رضوانہ عمرانی، محمد عالیان احمد عمرانی کو عید الفطر کی ڈھیروں مبارک قبول ہو۔ (حافظ عرفان احمد عمرانی، ملتان کا پیغام)
(پیار ے امّی، ابّو کے نام)
پیارے امّی، ابّو! جب بھی عید آتی ہے، تو آپ دونوں کی یاد بہت بے چین کر دیتی ہے۔ مُجھے امّی کا میرے لیے فراک سینا اور ابّو کا اس پر ستارے لگانا یاد ہے۔ میری دُعا ہے کہ اللہ تعالیٰٗ ہماری اتنے اچھے انداز میں پرورش کرنے والوں کو جنّت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ (آ مین) (شاہدہ ناصر کی دلی دُعا )
( والد، قاسم علی کے نام)
؎اِک نیا احساس پیغامِ صبا لائی ہے…دشواری بعد سہل ہے، خبرسنائی ہے…چارسُوخوشی ہے اِک ہلال سےچھائی…سُنا ہے منہ میٹھا کرانے عید آئی ہے…عید آئی ہے نئی نوید لائی ہے دانش…ماہِ صیام کی کمائی عید پر پائی ہے۔ (دانش علی دیارِ غیر سے)
(تمام مسلمان بہن ، بھائیوں کے نام)
مِری خوشیوں سے وہ رشتہ ہے تمہارا اب تک
عید ہو جائے، اگر عید مبارک کہہ دو
عیدرمضان المبارک کا انعام ہے۔ اسے دل سے تمام نفرتیں مٹا کر منائیں۔ (مشعل اور گڑیا کا محبت سے لب ریز پیغام)
(پارٹنر اِن کرائم کے نام)
شادی کے بعد پہلی عید مبارک ہو ڈیئر طیّبہ ارسلان ! میری دُعا ہے کہ عید کے موقعے پر حکومت/انتظامیہ جھڈو تا جہلم موبائل فون کے سگنلز کی بلا تعطّل فراہمی یقینی بنائے رکھے ۔(آمین) (’’دسمبر کی چڑیل ‘‘کی طرف سے)
(فلسطینی مسلمانوں کے نام)
اس عید الفطر کو ہم اُن تمام فلسطینی مسلمانوں کے نام کرتے ہیں کہ جن کے پیارے ان سے جُدا ہو گئے۔ یا اللہ! تمام مسلمانوں پر رحم فرما۔ (آمین) (وقاص علی قریشی، حیدرآباد)
(فیملی کے لیے)
بابا، امّی، برہان بھائی اور بھابھی کو عید مبارک۔ (نیلم نفیس ملک، اورنگی ٹاؤن، کراچی کا پیغام)
(مفتی فاروق مدنی کے نام)
جامع مسجد غوث الاعظم، جناح کالونی اورنگی ٹائون 9/E کے خطیب و امام ، مفتی فاروق مدنی اور کمیٹی کے دیگر اراکین کو عُمرے اور عیدالفطر کی مبارک باد قبول ہو۔ اللہ پاک آپ کا حجِ اصغر قبول فرمائے۔ آمین (جاوید، اسحاق اور دوست کراچی سے)
(اہلیانِ اورنگی ٹاؤن کے نام)
اہل ِ اورنگی ٹائون کو دل کی گہرائیوں سے عیدالفطر کی خوشیاں مبارک ہوں۔ اللہ تعالیٰ آپ کو سدا خوش رکھے۔ (آمین) (القاسم اینڈ برادرز، اورنگی ٹائون، کراچی)
(ا ہلِ وطن کے نام)
میری جانب سے وطنِ عزیز میں بسنے والے تمام باشندوں کو دل کی گہرائیوں سے عید کی خوشیاں مبارک ہوں۔ (محمد وسیم عرف چاچا کمانڈو، کراچی کا پیغام)
(پردیسی شریکِ حیات کے نام)
دیارِ غیر میں مقیم پیارے خاوند، جاوید قریشی کو عیدالفطر کی خوشیاں مبارک ہوں۔ قراۃ العین عینی جاوید (لبرٹی چوک، حیدر آباد)
(ادویہ کے کاروبار سے وابستہ افراد کے نام)
ہماری جانب سے ادویہ کے کاروبار سے وابستہ تمام دوستوں اور احباب کو میٹھی عید کی میٹھی خوشیاں مبارک ۔ (محمد سلیم انصاری اور عارف بھائی، کراچی کی جانب سے)
(دوست، احباب کے نام)
تمام دوست، احباب کو دل کی گہرائیوں سے میٹھی عید کی میٹھی میٹھی خوشیاں مبارک ہوں۔ اللہ پاک آپ کو سدا خوش رکھے۔ (ڈاکٹر حسن اور ڈاکٹر علی رضا، کراچی)
(دیارِ غیر میں مقیم ’’پاپا‘‘ کے نام)
پاپاجانی! آپ کے بغیر یہ عیدالفطر ادھوری ہے۔ آپ پچھلے 4سال سے ہماری خاطر آسٹریلیا میں مقیم ہیں اور ہم آپ کو بہت ’’مِس‘‘ کرتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ آپ کا سایہ ہمارے سَروں پر تادیر قائم رکھے۔ آپ کو یومِ پاکستان اور میٹھی عید کی خوشیاں شیرخرمے کے ساتھ مبارک ہوں۔ وی لو یو پاپا۔ (آپ کی لاڈلی بیٹیاں، وانیہ اور مناہل جاوید، حیدر آبادکا چاہتوں بھرا سندیسہ)
(فیملی کے نام)
دادا، ابّو، امّی، چچا عاطف اور چچی کو یوم پاکستان اور عیدالفطر مبارک ہو۔ (نہا ل وحید، بلال وحید اور شہیر عاطف، ریلوے روڈ ، حیدرآباد سے)
(بہن بھائیوں اور زوجہ محترمہ کے نام)
پیاری آپا، وسیم بھائی، سلیم بھائی اور دیگر بہن بھائیوں اور پیاری زوجہ محترمہ کو عیدالفطر کی خوشیاں مبارک ہوں۔ اللہ تعالیٰ آپ سب کو سلامت رکھے۔آمین (پروفیسر حاجی محمد زبیر قریشی ،شاہی بازار، حیدر آباد)
(مرحومین کے نام)
وہ بچپن کی عیدیں، وہ بچپن کے سپنے
کہاں کھو گئے میرے سارے وہ اپنے
ان عیدوں کی رونق کہاں اب وہ طاہر
کہاں سے لاؤ گے ساتھی وہ اپنے (شہلا الیاس، کراچی کاناسٹلجیا)
(دیارِ غیر میں مقیم عزیزوں کے لیے)
امریکا میں مقیم انکل شکیل اور ان کی فیملی کو ہماری طرف سے عید کی ڈھیروں مبارک باد۔ اللہ تعالیٰ انہیں ایسی ہزاروں عیدیں دیکھنا نصیب فرمائے اور دیارِ غیر میں ہوتے ہوئے بھی پاکستان کی ترقّی و خوش حالی کا ضامن بنائے۔ (آمین) (حسّان عادل اور اہلِ خانہ، لاہور کی جانب سے)
(مرحوم والدین کے نام)
پیاری امّی جان! آپ کے بغیر یہ دوسری عید ہے۔ ہمیں آپ کی بہت یاد آتی ہے۔ اللہ تعالیٰ میرے مرحوم والدین کے درجات بلند فرمائے۔ آمین۔ میرے بھائیوں، کاشف، وجی، تنزیل، جویریہ اور بھتیجے، محمد روحان کو بہت بہت عید مبارک۔ میری دلی دُعا ہے کہ اللہ تعالیٰ پورے عالمِ اسلام کو سلامتی اور مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کو جلد از جلد آزادی نصیب فرمائے۔ (آمین) (طاہرہ جبیں کی نیک تمنّائیں)
(اساتذہ کے نام)
ہمیں تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے والے تمام اساتذہ بالخصوص پروفیسر محمد اسمٰعیل شیخ، ماسٹر نور علی، ماسٹر لقمان، سرایل خان اور دیگر اساتذۂ کرام کو عیدالفطر کی خوشیاں مبارک ہوں۔ اللہ تعالیٰ آپ سب کو عُمرِخضر عطافرمائے۔ آمین (ایم اسحاق، غلامصطفیٰ، رزاق، حمیداور توفیق ، جنگ شاہی، ٹھٹھہ سے)
(پیاروں کے نام)
عیدالفطر کی خوشیاں والدین، بہن بھائیوں اور عزیز و اقارب کی رفاقت ہی میں اچّھی لگتی ہیں۔ ہم اپنے پیارے والدین کو سلامِ محبّت پیش کرتے ہیں، جن کا خلوص، پیار بے لوث و لازوال ہے اور ہر عمل ہماری فلاح و ترقّی سے عبارت ہے۔ (ایمان کامران اور عبدالرحمٰن خان، مُرشد ٹاؤن، کھنّہ کاک، راول پنڈی کا پیغام)