متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کرکٹ بورڈ نے ٹاپ آرڈر بیٹر عثمان خان پر 5 سال کی پابندی عائد کردی ہے۔
یو اے ای بورڈ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ عثمان خان نے امارات کرکٹ بورڈ سے غلط بیانی کی اور سہولتوں کا فائدہ اٹھایا، عثمان خان یو اے ای سے کھیلنے کے پابند تھے لیکن اب وہ ایسا نہیں کر رہے۔
ای سی بی نے عثمان خان کو سالانہ کنٹریکٹ بھی دیا تھا جبکہ حال ہی میں ہونیوالے آئی ایل ٹی ٹوئنٹی میں وہ امارت کے لوکل پلیئر کے طور پر کھیلے تھے۔
امارات کرکٹ بورڈ کے مطابق عثمان خان نے اس کے ساتھ معاہدے کی خلاف ورزی کی جس کے نتیجے میں وہ اب یو اے ای بورڈ کے تحت ہونیوالے کسی بھی ایونٹ میں 5 سال تک شرکت نہیں کرسکیں گے۔
واضح رہے کہ عثمان خان نے بطور اوورسیز پلیئر پی ایس ایل میں ملتان سلطانز کی نمائندگی کی تھی جس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے عثمان خان کو پاکستان ٹیم کے کیمپ میں شامل کیا تھا۔ پاکستان کیمپ میں آنے کے بعد عثمان خان نے یو اے ای کو معاہدہ ختم کرنے کا نوٹس بھیجا تھا۔