والٹن ایئر پورٹ لاہور میگا کرپشن اسکینڈل کے معاملے میں پاکستان سول ایوی ایشن آفیسرز ایسوسی ایشن نے وزیر ہوا بازی خواجہ آصف کو خط لکھ دیا۔
خط کے مطابق پاکستان سول ایوی ایشن آفیسرز ایسوسی ایشن کسی بھی تحقیقاتی ادارے کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی، ایئر کرافٹ اونرز اینڈ آپریٹرز ایسوسی ایشن کے خط میں الزامات کی بھی تصدیق کرتے ہیں۔
خط میں والٹن ایئر پورٹ کا ریکارڈ فوری قبضے میں لے کر تحقیقاتی اداروں کے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
دوسری جانب ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کہا ہے کہ ڈی جی سول ایوی ایشن پر بدعنوان عناصر کے الزامات نئی بات نہیں، ماضی میں بھی موجودہ ڈی جی سی اے پر بے بنیاد الزامات لگائے گئے۔
ترجمان سی اے اے کا کہنا ہے کہ ڈی جی کے خلاف والٹن ایروڈرم کا الزام بھی من گھڑت ہے، ڈی جی سول ایوی ایشن وفاقی سول سرونٹ اور وفاق کے احکامات پر عمل کے پابند ہیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ڈی جی سول ایوی ایشن پر من گھڑت الزامات لگانے والا زرین گل خود ضمانت پر ہے، زرین گل 54 لاکھ روپے کی خورد برد میں ملوث پایا گیا تھا۔