• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چین مصنوعی ذہانت کے ذریعے بھارتی انتخابات میں خلل ڈالنے کا ارادہ رکھتا ہے: مائیکروسافٹ کا انکشاف

فوٹو بشکریہ بین الاقوامی میڈیا
فوٹو بشکریہ بین الاقوامی میڈیا 

امریکی ملٹی نیشنل ٹیکنالوجی کمپنی مائیکروسافٹ نے اپنی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ چین اس سال مصنوعی ذہانت (AI) کے ذریعے امریکا، جنوبی کوریا اور بھارت کے انتخابات میں خلل ڈالنے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔

مائیکروسافٹ کی رپورٹ کے مطابق تائیوان کے صدارتی انتخابات میں ناکامی کے بعد اب چین مصنوعی ذہانت (AI) کے ذریعے امریکا، جنوبی کوریا اور بھارت کے انتخابات میں خلل ڈالے گا۔

امریکی ٹیکنالوجی فرم نے اپنی رپورٹ میں مزید کہا ہے کہ توقع ہے کہ چین کے حمایت یافتہ سائبر گروپ 2024ء میں اہم ممالک کے انتخابات کو نشانہ بنائیں گے جس میں شمالی کوریا بھی شامل ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے ’جیسا کہ ہندوستان، جنوبی کوریا اور ریاستہائے متحدہ میں انتخابات ہونے جا رہے ہیں، امکان ہے کہ چین اور کچھ حد تک شمالی کوریا کے سائبر گروپ ان انتخابات کو نشانہ بنانے کے لیے کام کرتے نظر آئیں گے۔‘

مائیکرو سافٹ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چین سوشل میڈیا کے ذریعے AI سے تیار کردہ مواد تخلیق اور تقسیم کرے گا جو ان ہائی پروفائل انتخابات میں اس کے حمایت یافتہ گروپس کو فائدہ پہنچائیں گے۔

مائیکروسافٹ کے مطابق اگرچہ اس طرح کے مواد کا اثر سامعین پر کم ہے لیکن میمز، ویڈیوز اور آڈیوز کو پھیلانے میں چین کا بڑھتا ہوا تجربہ جاری رہے گا اور یہ مؤثر ثابت ہو سکتا ہے۔

مائیکرو سافٹ کے مطابق چین نے جنوری میں تائیوان کے صدارتی انتخابات میں AI سے تیار کردہ غلط معلومات پر مبنی مہم کی کوشش کی تھی، یہ پہلا موقع ہے جب چین نے اپنے ایک ادارے کو غیر ملکی انتخابات پر اثر انداز ہونے کے لیے AI سے مواد تیار کرنے کو کہا تھا۔

یاد رہے کہ دوسری جانب اے آئی سے تیار کردہ ٹی وی نیوز اینکرز کا استعمال بھی بڑھ گیا ہے۔

مائیکروسافٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ نیوز اینکرز کو CapCut ٹول نے بنایا ہے، جسے TikTok کی مالک چینی کمپنی ByteDance نے تیار کیا ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید