• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لوگ احساس دلانے کی کوشش کرتے ہیں کہ میں نے بہت بڑی بڑی فلمیں چھوڑ دیں: عمران عباس

---فوٹو ایڈیٹڈ
---فوٹو ایڈیٹڈ 

پاکستانی خوبرو، نوجوان اداکار، ماڈل و گلوکار عمران عباس نے انکشاف کیا ہے کہ اُنہیں بالی ووڈ کی بلاک بسٹر ثابت ہونے والی متعدد فلموں کی پیشکش ہوئی تھی۔

اپنی اداکارانہ صلاحیتوں، خوبصورت چہرے، نرم شخصیت کے سبب کروڑوں دلوں پر راج کرنے والے فلم و ٹی وی کے معروف اداکار عمران عباس نے حال ہی میں ایک نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں بطور مہمان شرکت کی۔

اس دوران انہوں نے اپنی نجی و پیشہ ورانہ زندگی سے متعلق بات کی اور مختلف سوالات کے جواب دیے۔

شو کے دوران عمران عباس نے اکیلے ہونے، والد، والدہ اور بہن کو کھو دینے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔

والدہ کا ذکر کرتے ہوئے عمران عباس آبدیدہ ہو گئے۔

شو کے دوران اپنے کیریئر پر بات کرتے ہوئے اداکار نے انکشاف کیا کہ آج وہ جب اپنے کیریئر پر ایک نظر ڈالتے ہیں تو اُن کے ذہن میں آتا ہے کہ یاد عاشقی 2 جیسی بڑی فلم چھوڑ دی۔

اُن کا مزید بتانا تھا کہ اُنہیں لوگ بھی کہتے ہیں کہ عاشقی 2 جیسی اتنی بڑی فلم چھوڑ دی۔

اداکار نے کہا کہ اُنہیں بھارتی فلم عاشقی 2، رام لیلا، فلم پی کے میں سرفراز کا کردار، فلم ’گزارش‘ میں آدیتیہ رائے کپور کا کردار اور معروف ہدایتکار سنجے لیلا بھنسالی کی جَلد ہی ویب، نیٹ فلکس پر ریلیز ہونے والی سیریز ’ہیرا منڈی‘ کی پیشکش ہوئی تھی۔

اداکار کا بتانا تھا کہ انہوں نے ان فلموں میں آفر آنے کے باوجود کام نہیں کیا۔


عمران عباس نے کہا کہ اب تو ہر دوسرا اداکار دعویٰ کرتا ہے کہ فلم ’عاشقی 2‘ میں اُسے کردار آفر کیا گیا تھا، آپ چاہے فلم کے ہدایتکار سے پوچھ لیں، اصل میں اس فلم کی آفر صرف مجھے آئی تھی۔

عمران عباس نے کہا کہ یہ سب فلمیں چھوڑ دیں میں نے، ان میں کام نہیں کیا، اب لوگ مجھے احساس دلاتے ہیں کہ میں نے ان فلموں کو چھوڑ کر بھارت جا کر کیسی فلمیں کر لیں، جن میں کام کیا وہ فلمیں اتنی ہٹ نہیں ہوئیں اور اتنی بڑی فلم چھوڑ کر آ گئے۔

اداکار کا مزید کہنا تھا کہ وہ ان فلموں میں کام نہ کر کے پچھتاوے کا شکار نہیں ہوئے ہیں اور نہ لوگوں کے احساس دلانے پر وہ پریشان ہوں گے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید