• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی کی چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کیخلاف درخواست

فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کے خلاف درخواست سیکریٹری سینیٹ کو جمع کرا دی۔

سینیٹر سیف اللّٰہ نیازی نے درخواست جمع کرائی ہے۔

پی ٹی آئی کی جانب سے درخواست میں کہا گیا ہے کہ خیبر پختنونخوا کے سینیٹ الیکشن تک سینیٹ کے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کا الیکشن ملتوی کیا جائے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نہیں، آپ ہی ایوان کے کسٹوڈین ہیں، آپ کا فرض ہے اپنی آئینی ذمے داری پوری کریں۔

پی ٹی آئی نے کہا کہ آپ سے مطالبہ ہے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کا عمل شروع نہ کیا جائے، جب تک خیبر پختنونخوا میں الیکشنز نہیں ہو جاتے، یہ انتخاب نہ کرایا جائے، وفاقی اکائی کو آئینی نمائندگی سے محروم نہیں کیا جا سکتا، خیبر پختونخوا کو چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے چناؤ سے محروم کیا جا رہا ہے، الیکشن کمیشن نے خیبر پختونخوا میں سینیٹ الیکشن ملتوی کر کے آئینی ذمے داری پوری نہیں کی۔

 سینیٹ کا اجلاس 9 اپریل کو طلب

واضح رہے کہ صدر مملکت آصف علی زرداری نے سینیٹ کا اجلاس 9 اپریل کو طلب کر لیا ہے۔

سینیٹ کا اجلاس 9 اپریل کی صبح 9 بجے ہو گا، اجلاس میں نئے اراکین کی حلف برداری ہو گی۔

سینیٹ اجلاس میں چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا الیکشن بھی ہو گا۔

واضح رہے کہ سینیٹ میں 24 نشستوں کے ساتھ پیپلز پارٹی سب سے بڑی پارٹی بن گئی ہے جبکہ پی ٹی آئی اور ن لیگ بالترتیب 19، 19 سینیٹرز کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔

پیپلز پارٹی نے چیئرمین سینیٹ کے عہدے کے لیے یوسف رضا گیلانی کو نامزد کر رکھا ہے۔

قومی خبریں سے مزید