کراچی ( اسٹاف رپورٹر) ایران جانے والے مسافر سے 45پاکستانی پاسپورٹ برآمد، تفصیلات کے مطابق ایئر پورٹ سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف)نے جناح انٹر نیشنل ایئر پورٹ پر تلاشی کے دوران ایران کے مسافر سے 45 پاکستانی پاسپورٹ برآمد کر لیے۔مسافر محمد عدنان فلائی دبئی کی پرواز سے کراچی سے براستہ دبئی ایران جا رہا تھا، جناح ٹرمینل پر سامان کی اسکیننگ کے دوران اے ایس ایف کے عملے نے پاسپورٹس کی نشاندہی کی۔سامان کی دستی تلاشی کے دوران بیگ سے 45 پاسپورٹس برآمد ہوئے۔ ترجمان اے ایس ایف کے مطابق غیر متعلقہ افراد کے پاسپورٹس کی موجودگی کے حوالے سے مسافر کا موقف غیر تسلی بخش تھا۔مسافر اور برآمد شدہ پاسپورٹس کو اے ایس ایف نے ایف آئی اے کے حوالے کر دیا۔مسافر عدنان مختلف شہریوں کے پاسپورٹس غیر قانونی طور پر دبئی لے جا رہا تھا۔