پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ افواج پاکستان نے قوم کو عید کی مبارکباد دی ہے۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف اور سروسز چیفس کی جانب سے قوم کو عید کی مبارکباد پیش کی گئی ہے۔
مسلح افواج نے عید کے پرمسرت موقع پر قوم کے نام پیغام میں کہا کہ سپاہی کے لیے عید کا اصل جوہر فرنٹ لائن پر قوم کی حفاظت میں مضمر ہے۔
پیغام میں کہا گیا کہ اللّٰہ تعالیٰ وطن پر اپنی رحمتیں نازل فرمائے، امن اور خوشحالی لائے۔
اس میں یہ بھی کہا گیا کہ اس پرمسرت موقع پر آئیے اپنے قومی ہیروز کے غیر متزلزل حوصلے کو یاد رکھیں۔ یہ ہیرو پاکستان کی مسلح افواج اور قوم کےلیے مشعل راہ ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ہم ان بہادروں اور ان کے اہل خانہ کی قربانیوں کے لیے ہمیشہ شکر گزار ہیں۔ پاکستان کے ان شہداء کو خراج عقیدت پیش کریں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے کہا کہ شہداء نے مادر وطن کی حفاظت اور خودمختاری کو یقینی بنانے کےلیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔