لاہور(آئی این پی) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ نواز شریف ،زرداری اور مشرف حکومتوں کا آڈٹ ہوجائے تو پاکستان کرپشن فری ملک بن سکتا ہے ‘ہم چاہتے ہیں کہ احتساب کا آغاز نواز شریف سے ہو مگر پھر یہ رکے نہیں ،زرداری اور میرے سمیت سب کا احتساب ہونا چاہئے ‘عوام کے منہ سے لقمہ چھیننے والے پانچ چھ ہزار کرپٹ لوگوں کی قربانی دینا پڑے گی‘سیاسی جماعتیں اپنے اندر احتساب کا نظام مضبوط بنائیں ‘مدینہ منورہ میں دھماکوں سے ہرمسلمان کادل زخمی اور پورا عالم اسلام دکھی ہے‘ ایسے لگا جیسے کسی نے دل میں چھرا گھونپ دیا ہو۔انتشار کے شکار عالم اسلام پر دشمن قوتوں نے متحد ہوکر جنگ مسلط کررکھی ہے ‘امت کے تحفظ کیلئے عالم اسلام کو بھی متحد ہونا اور مشترکہ حکمت عملی اپناناہوگی‘ او آئی سی مردہ گھوڑاہے جس پر تکیہ نہیں کیا جاسکتا‘حرمین شریفین کے تحفظ کی ذمہ داری تمام اسلامی ممالک کی ہے ‘امید ہے سعودی حکمران دہشت گردی کو کچلنے میں کامیاب ہوجائیں گے ۔ وہ جمعہ کو سعودی عرب کے 15روزہ دورہ سے واپسی پر علامہ اقبال انٹر نیشنل ایئر پورٹ لاہور پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کر رہے تھے ۔اس موقع پرڈائریکٹر خارجہ امور جماعت اسلامی پاکستان عبدالغفار عزیز بھی موجود تھے ۔سراج الحق نے اپنے دورہ کے دوران عمرہ اور بیت اللہ میں اعتکاف کی سعادت حاصل کی اور مدینہ منورہ ،مکہ معظمہ اور جدہ میں پاکستانی کمیونٹی کے اجتماعات سے بھی خطاب کیا۔سراج الحق نے کہا کہ ہم قطعاً یہ نہیں چاہتے کہ احتساب صرف وزیر اعظم اور ان کے خاندان کا ہو بلکہ ہم چاہتے ہیں کہ احتساب وزیر اعظم سے شروع ہواور پھر کرپشن میں ملوث کسی ملزم کو نہ چھوڑا جائے ۔انہوں نے کہا کہ میرے سمیت سب کا احتساب ہونا چاہئے ۔موجودہ حکومت کے ساتھ زرداری اور مشرف حکومتوں کا بھی احتساب ہوجائے تو پاکستان سے کرپشن کا ہمیشہ کیلئے خاتمہ ہوسکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کرپشن کو جڑوں سے ختم کرنے کیلئے ضروری ہے کہ آئندہ انتخابات سے قبل ایک کڑا اور بے رحم احتساب ہوورنہ بار بار اقتدار میں رہنے والا کرپٹ ٹولہ ایک بار پھر اپنی دولت کے بل بوتے پر اقتدار کے ایوانوں میں جابیٹھے گا ۔الیکشن کمیشن کو مضبوط، با اختیار اور اس کی کارکردگی بہتر بنانی چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ چند ماہ قبل جماعت اسلامی نے کرپشن کے خلاف ملک گیر تحریک کا آغاز کیا ،آج کرپشن فری پاکستان کا نعرہ ہر پاکستانی کی زبان پر ہے ۔انہوں نے کہاکہ حکمرانوں اور اپوزیشن میں بیٹھے کرپٹ عناصر کو احتساب سے بھاگنے اور چھپنے کا موقع نہیں ملناچاہیے۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی 24جولائی کو راولپنڈی میں کرپشن کے خلا ف پیدل مارچ کرے گی ۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ اسلامی دنیا کے حکمرانوں کا فرض ہے کہ وہ اپنے ممالک کو پرامن بنانے کیلئے دشمن قوتوں کا مل کر مقابلہ کریں ۔ سینٹر سراج الحق نے مرکزی و صوبائی حکومتوں سے اپیل کی کہ وہ چترال کے سیلاب سے متاثرہ عوام کی بھر پور اور فوری مدد کریں اور سیلاب زدہ علاقوں میں جلد از جلد امدادی ٹیمیں بھجوائی جائیں۔