سکھر(بیورو رپورٹ)قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف کی مدت ملازمت میں توسیع کا معاملہ پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے، یہ کسی امریکی عہدیدار جان مکین یا کسی اور کا معاملہ نہیں ہے ۔ڈیڑھ ماہ سے ملک میں وزیراعظم موجود نہیں ، پتہ نہیں ملک کس طریقے سے چل رہا ہے انہیں عید اپنے عوام کے درمیان منانی چاہیئے ۔پانامہ لیکس پر وزیراعظم میاں نواز شریف نے خود میڈیا پر آکر کہا تھا کہ وہ خود کو احتساب کے لئے پیش کرتے ہیں، اب وہ خود کو پیش کریں، پیپلزپارٹی مقبول عوامی پارٹی ہے ، سندھ بھر میں ہمارے امیدواروں نے بھرپور کامیابی حاصل کی ۔وہ نماز عید کے بعد مدرسہ منزل گاہ اور جامعہ غوثیہ میں جے یو پی کے صوبائی صدر مفتی محمد ابراہیم قادری کی جانب سے دی گئی عید ملن پارٹی کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔ قبل ازیں سید خورشید احمد شاہ اور مفتی محمد ابراہیم قادری نے عید ملن پارٹی کے شرکاء سے خطاب کیا جس میں امن، بھائی چارگی، محبت ، ہم آہنگی، ملک کی ترقی ،خوشحالی کے لئے خصوصی طور پر دعائیں کی گئیں۔خاص طور پر ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے اور آپریشن ضرب عضب میں پاک فوج کی کامیابی کے لئے دعا کرائی گئی۔قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے سعودی عرب میں ہونے والے دھماکوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب حملوں میں ملوث لوگ انسان نہیں شیطان ہیں، یہ شیطانی قوتیں ہیں جو اسلام کو بدنام کررہی تھیں، اب یہ چیز واضح ہوگئی ہے کہ یہ مسلمان نہیں ہیں یہ دنیا میں شیطانی قوتیں ہیں جو اسلام کا لبادہ پہن کر ہمارے دین اسلام کو بدنام کرنا چاہتے ہیں، جن لوگوں کو مدینے کی حرمت کا احترام نہیں تو انہیں نہ مسلمان کہا جا سکتا ہے، نہ انسان کہا جا سکتا ہے یہ حیوان ہیں ۔ایک سوال کے جواب میں سید خورشید احمد شاہ نے کہا کہ وزیراعظم میاں نواز شریف کے عید پاکستان میں کرنے کے حوالے سے جب میری اسحاق ڈار سے بات ہوئی تھی تو انہوں نے بتایا تھا کہ میاں محمد نواز شریف عید لاہور میں منائیں گے لیکن اس میں اسحاق ڈار کو میں کچھ نہیں سکتا کیونکہ اسحاق ڈار میاں صاحب کے اندرسے گھوم کر نہیں آئے، انہیں کہا گیا ہوگا کہ میاں صاحب عید لاہور میں منائیں گے تو انہوں نے یہ پیغام آگے پہنچادیا۔ محمود خان اچکزئی کے افغان مہاجرین کے حوالے سے بیان پر انہوں نے کہا کہ آرٹیکل 6کے تحت پہلے کون سے غداری کے مقدمات درج ہوئے ہیں جو محمود خان اچکزئی کے خلاف غداری کا مقدمہ درج ہوگا۔یہ بات واضح ہے کہ افغان شہری پاکستان میں مہاجر ہیں ملکی قوانین کے تحت انہیں اپنے ملک میں واپس جانا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ صدر پاکستان یا وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نے عید اگر پاکستان میں نہیں منائی تو ان کا معاملہ ہے، انہیں عید اپنے لوگوں میں منانی چاہیئے، میں قائد حزب اختلاف ہوں لیکن میں نے ہمیشہ عید اپنے شہر میں اپنے لوگوں کے درمیان رہ کر منائی ہے، میں آج بھی سکھر میں اپنی عوام کے درمیان ہوں اور عید منا رہا ہوں۔اس عید کے موقع پر میری طرف سے پوری قوم کو عید مبارک ہو۔ میری دعا ہے کہ خداوند کریم ملک سے غربت، مہنگائی، بے روزگاری، دہشتگردی کے خاتمے کو یقینی بنا کر ملک کو ترقی کی راہ پر گامز ن کرے، لوگوں کو روزگار کے مواقع ملیں۔بعد ازاں پیپلزپارٹی کے ڈپٹی میئر سکھر کے نامزد امیدوار طارق چوہان کی جانب سے مقامی ہوٹل میں منعقدہ تقریب سے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ ، سینیٹر اسلام الدین شیخ، رکن قومی اسمبلی نعمان اسلام شیخ، صوبائی وزیر خوراک سید ناصر حسین شاہ، ڈسٹرکٹ چیئرمین کے نامزد امیدوار محمد اسلم شیخ، میئر کے نامزدامیدوار ارسلان اسلام شیخ سمیت دیگر مقررین نے خطاب کیا۔ سید خورشید احمد شاہ نے کہا کہ عید ملن پارٹی میں آج وہ سیاسی بات نہیں کریں گے بلکہ منتخب نمائندوں کو یہ پیغام دیں گے کہ عوام نے آپ کو بھاری مینڈیٹ سے کامیاب کرایا ہے، بلدیاتی اداروں میں آنے کے بعد آپ عوام کے مسائل کو حل کرنے کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے کیونکہ پیپلزپارٹی مقبول عوامی پارٹی ہے ،اسی لیے سکھر سمیت سندھ بھر میں پیپلزپارٹی کے امیدواروں نے کلین سوئیپ کامیابی حاصل کی ہے جس کے بعد منتخب نمائندوں پربھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ عوام کی توقعات پر پورا اتریں۔