• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی والی بال ٹیم کے نئے ارجنٹائن کوچ نے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں

پاکستانی والی بال ٹیم کے نئے کوچ ارجنٹائن کے روبن وولوچن نے اسلام آباد میں جاری قومی کیمپ میں اپنی ذمہ داری سنبھال لی ہے۔

ان کا پہلا ٹاسک 8 مئی سے اسلام آباد میں کھیلی جانے والی سینٹرل ایشین والی بال چیمپئن شپ ہے جس میں پاکستان کے علاوہ ایران، افغانستان، سری لنکا، کرغیزستان، قازقستان اور بنگلادیش کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔

بھارت نے اس ایونٹ میں شرکت کے لیے تاحال دوبارہ تصدیق نہیں کی، قومی ٹیم کے نئے کوچ روبن نے فون پر جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں میں بہت زیادہ ٹیلنٹ ہے۔

انکا کہنا تھا کہ میں نے کوریا میں ان پلیئرز کو ایشین چیمپئن شپ اور اسلامک گیمز میں کھیلتے ہوئے دیکھا ہے، جہاں کچھ مقابلوں میں ان کو ٹپس بھی دیں۔ فیڈریشن نے ایک سال کے لیے معاہدہ کیا ہے جس میں توسیع ہوسکتی ہے۔

 روبن وولوچن نے کہا پاکستان ایشیا اور عالمی سطح پر والی بال کی مضبوط ٹیم ہے۔

30 جون 1970 کو ارجنٹائن میں پیدا ہونے والے روبن وولوچن اپنے ملک کی ٹیم کے ہیڈ کوچ رہ چکے ہیں۔ اس کے علاوہ ایران، مراکش، بحرین، ترکی، جرمنی اور اسپین سمیت کئی ملکوں کی ٹیموں کے ساتھ بطور ہیڈ کوچ کام کرچکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی کھلاڑیوں کے ساتھ کام کرتے ہوئے انہیں زبان کا کوئی مسئلہ نہیں، کئی پاکستانی کھلاڑی انگریزی سمجھ لیتے ہیں، میں نے ایک مترجم بھی ساتھ رکھا ہوا جو انہیں سمجھا دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں کو انٹر نیشنل والی بال لیگز کی بھی ضرورت ہے جس سے انہیں سال بھر بڑی ٹیموں اور کلبوں کے ساتھ مصروف اور خود کو فٹ رکھنے کا موقع ملتا ہے، میں ان میں سے دو تین کا ارجنٹائن کے کلب کے ساتھ معاہدے کی کوشش کروں گا۔

کوچ روبن وولوچن نے کہا کہ ایک سال میں کوشش ہوگی کہ پاکستان کی عالمی اور ایشیائی درجہ بندی میں بہتری لاسکوں۔

انہوں نے بتایا کہ ان کا معاہدہ یکم اپریل سے شروع ہوا ہے، وہ کراچی اور لاہور میں بھی جا کر کھلاڑیوں کو کوچنگ دیں گے، ان کے معاہدے میں قومی سینئر اور جونیئر ٹیموں کی کوچنگ شامل ہے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید