• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایشین پروڈکٹوٹی آرگنائزیشن ایشیاء پیسفک ایوارڈ کے ناموں کا اعلان

اسلام آباد (رپورٹ: حنیف خالد) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی‘ ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال کو ایشین پروڈکٹوٹی آرگنائزیشن سال 2024ء کا ایشیاء پیسفک ایوارڈ دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔ وہ 28مئی کو باقاعدہ طور پر کوالالمپور جا کر یہ ایوارڈ وصول کرینگے۔ یہ ایوارڈ احسن اقبال کی متاثر کن کامیابیوں اور خدمات کے اعتراف میں دیا جائیگا۔ یہ ایوارڈ پورے ایشیاء اور بحرالکاہل کے خطے کے ممالک کے اُن افراد کو دیا جائیگا جنہوں نے پیداواری صلاحیت میں بہتری کیلئے اہم کردار ادا کیا۔ پاکستان کیلئے یہ اعزاز ہے کہ وفاقی وزیر احسن اقبال اس معروف عالم ایوارڈ کیلئے منتخب کئے گئے ہیں۔ اے پی او قومی پالیسی مشاورتی خدمات اپنے اراکین کی معاشی و اقتصادی ترقی کو فروغ دیتے ہوئے ایک تھنک ٹینک کے طور پر کام کر رہا ہے جبکہ یہ ادارہ جاتی صلاحیت بڑھانے کے اقدامات اور پیداواری صلاحیت میں اضافے پر بھی کام کر رہا ہے۔ واضح رہے کہ احسن اقبال نے چوتھی مرتبہ وزارت منصوبہ بندی کا چارج اس سال سنبھالا ہے۔ پہلی بار1997ء میں وزارت منصوبہ بندی کے وفاقی وزیر بنے اور 1999ء تک یہ ذمہ داری اُنکے پاس رہی‘ پھر2013ء سے2017ء تک وفاقی وزیر منصوبہ بندی رہے۔ اسکے بعد 2022ء سے 2023ء تک وہ وفاقی وزیر منصوبہ بندی کے ساتھ ساتھ ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن آف پاکستان بھی رہے جبکہ یونائیٹڈ نیشن ڈیویلپمنٹ پروگرام (چمپئن منسٹر) فار ایشیاء پیسفک بھی اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں۔ اسکے علاوہ انہیں پاکستان چین اکنامک کاریڈور (CPEC ) منصوبے کو شروع کرنے‘ اُسے فروغ دینے اور چین کے ساتھ اشتراک کرنے میں اُنہیں چینی حکومت کی جانب سے مسٹر سی پیک کا لقب دیا گیا۔ ایوارڈ کی باقاعدہ تقریب کوالالمپور ملائیشیاء میں اے پی او کی گورننگ باڈی کے66ویں اجلاس کے دوران 28سے 30مئی 2024ء تک منعقد کی جائیگی۔ نئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی پروفیسر احسن اقبال اپنا ایوارڈ وصول کرینگے جو پاکستان کیلئے ایک اعزاز کی بات ہے۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کے شاندار کیریئر میں متعدد منصوبے 2010ء اور 2025ء کے تحت شروع کئے گئے جن میں سی پیک کا سب سے بڑا منصوبہ‘ فائیو ایز فریم ورک‘ فور آر ایف‘ سی پیک کے پانچوں اکنامک کاریڈور‘ نیشنل سنٹر آف ایکسی لنس‘ انفرا سٹرکچر کے متعدد منصوبے جن میں ایم ایل ون اُن کا سب سے بڑا منصوبہ کراچی سرکلر ریلوے منصوبہ‘ گوادر میں بجلی پانی سڑکوں ہسپتالوں سمیت متعدد منصوبے شامل ہیں۔ اے پی او ان ایوارڈ یافتہ افراد کے علم اور تجربے کے فائدہ اٹھانے کیلئے وقف ہے تاکہ مستقبل کی پیداواری سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کی جاسکے اور ممبران کے درمیان زراعت اور تعاون کو فروغ دیا جائے۔ دیگر افراد جن کو ایوارڈ دیئے جائیں گے اُن میں چائنا پروڈکٹوٹی کے صدر ڈاکٹر ژاؤ چینک چانک‘ چیئرمین امراٹس آف لارسن اینڈ ٹوبرو لمیٹڈ انیل کمار‘ ڈپٹی منسٹر وزارت کامرس و لائیو بی ڈی آر ڈاکٹر ویرا بوون تھیونگ‘ ڈوانگ ساونا‘ حاجی امیر علی میڈین‘ منیجنگ ڈائریکٹر مائیڈن محمد ہولڈنگ بریاڈ بھی شامل ہیں۔
اہم خبریں سے مزید