• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شارع فیصل، عمارت میں آگ، کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد قابو پایا

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )شارع فیصل پر واقع عمارت میں آگ لگ گئی،عمارت سے 60 سے زائد افراد کو ریسکیو کیا گیا،کئی گھنٹوں کی جدو جہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا گیا۔تفصیلات کے مطابق شاہراہ فیصل مہران ہوٹل انڈر پاس کے قریب واقع کاشف سینٹر میں جمعہ کی صبح آگ لگ گئی جس کی اطلاع پر پولیس ،ریسکیو ادارے اور فائر بریگیڈ کا عملہ موقع پر پہنچا اور ریسکیو آپریشن شروع کیا۔اس دوران متاثرہ عمارت کے قریب روڈ کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی اور گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔ٹریفک پولیس کی جانب سے ٹریفک کو متبادل روڈ پر بھیجا گیا۔چیف فائر آفیسر اشتیاق احمد نے بتایا کہ آگ لگانے کی اطلاع صبح 8:30 بجے ملی۔آگ عمارت کے چوتھے اور پانچویں فلور کی وائرنگ ڈک میں لگی جو پھیلتی ہوئی ساتویں فلور تک پہنچی۔انہوں نے بتایا کہ آپریشن میں 5 فائر ٹینڈرز،ایک برائوزر اور دو اسنارکل کی مدد سے کئی گھنٹوں کی جدو جہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ہم نے خواتین سمیت 40 افراد کو اسنارکل کی مدد سے چھت سے جبکہ 20 سے 25 افراد کو سیڑھیوں کی مدد سے ریسکیو کیا۔آپریشن میں ہمارے پاس سب سے بڑی اسنارکل جو 107 میٹر کی ہے بھی موجود تھی۔آپریشن میں ریسکیو 1122 اور نیوی کی اسنارکل نے بھی لیا۔انہوں نے بتایا کہ دھویں کے باعث آپریشن میں مشکلات کا سامنا رہا۔کئی افراد کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا رہا جنھیں آکسیجن لگا کر اسپتال منتقل کیا گیا تاہم واقعہ میں خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔انہوں نے بتایا کہ وائرنگ ڈک میں ممکنہ طور پر شارٹ سرکٹ یا غیر معیاری وائر ہونے کی وجہ سے آگ لگی ہے۔انہوں نے بتایا کہ عمارت میں ہنگامی اخراج کا راستے اور آگ بجھانے کے آلات ہمیں نظر نہیں آئے تاہم عمارت کے انسپکشن کے بعد ہی اس حوالے سے مکمل معلومات مل سکیں گی،آگ بجھ چکی ہے۔
اہم خبریں سے مزید