کراچی( افضل ندیم ڈوگر) کراچی میں ایک چینی انجنیئرز نے خود پر حملے یا واردات کی کوشش حاضر دماغی سے ناکام بنا دی۔ پولیس کے مطابق واقعہ ملیر میں پورٹ قاسم روڈ پر پیش آیا تھا۔ اس سلسلے میں ایک حساس ادارے نے تفصیلی رپورٹ جاری کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق 2 جولائی کا واقعہ دہشت گردی نہیں بلکہ مبینہ طور پر 20 لاکھ روپے لوٹنے کی کوشش پر پیش آیا۔ حساس ادارے کی رپورٹ کے مطابق شام 4 بجے ایک چینی شہری ژانگ منگ زنگ نے پورٹ قاسم روڈ کے نجی بینک سے 20 لاکھ روپے نکلوائے تھے اور اپنے مترجم اور پرائیوٹ گن مین کے ہمراہ گاڑی میں کمپنی جا رہا تھا کہ پورٹ قاسم روڈ پر ان کی گاڑی کو دو کاروں میں سوار مسلح ملزمان نے گھیر لیا۔ ملزمان نے فوری طور پر گاڑی کا عقبی دروازہ کھول کر سیکیورٹی گارڈ سے رائفل چھین لی اس دوران خود گاڑی چلانے والے چینی شہری نے خطرہ بھانپ کر گاڑی کو تیزی سے بھگا دیا۔