• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیر محمد عتیق الرحمن فیض پوری نے زندگی نظام مصطفیٰ اور تحفظ ناموس رسالتؐ کیلئے وقف کیے رکھی، علمائے کرام

بریڈفورڈ (محمد رجاسب مغل) دنیائے اسلام کی معروف روحانی شخصیت سجادہ نشین آستانہ عالیہ فیض پورشریف پیر محمد عتیق الرحمٰن فیض پوری رحمۃ اللہ علیہ کا چھٹا سالانہ عرس جامع مسجد عثمانیہ بریڈفورڈ میں خلیفہ مجاز علامہ مفتی محمد بشیر طاہر نقشبندی قادری کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ عرس کی تقریب کے مہمان خصوصی پیر سید محمد عرفان شاہ مشہدی تھے تقریب میں برطانیہ بھر سے علماء کرام، نعت خواں حضرات اور عقیدت مندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پیر سید محمد عرفان شاہ مشہدی موسوی نے اپنے خصوصی خطاب میں صاحبزادہ پیر محمد عتیق الرحمٰن فیض پوری رحمۃ اللہ علیہ کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پیر صاحب کی دین اسلام کے لیے بے پناہ خدمات ہیں۔ انہوں نے اپنی ساری زندگی نظام مصطفیٰ اور تحفظ ناموس رسالت صلی اللہ وعلیہ وسلم کے لیے وقف کیے رکھی ان کے بزرگان کا فیضان تھا کہ وہ انتہائی کم عمری میں ہی دین اسلام کی تبلیغ کے لیے متحرک ہو گئے تھے انہوں نے ملک وملت اور بنی نو انسان کے لیے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے دین متین کی خدمت آخری سانسوں تک جاری رکھی۔ آزاد کشمیر کی اسمبلی میں پہنچے تو وہاں بھی انہوں نے ہمیشہ کلمہ حق کو بلند کیا اور توحید و رسالت کا پرچار کیا۔ آزاد کشمیر اسمبلی میں قادیانیوں کو غیر مسلم اقلیت قرار دینے کی متفقہ قراد داد منظور کرانے کا بھی ان کو اعزاز حاصل ہوا۔ دہشت گردی نے جب سر اٹھایا تو وہ جرات اور استقامت کے ساتھ سامنے آئے اور اسے مسترد کیا اور اس فتنے کا عملی طور پر مقابلہ کیا۔ دہشت گردی کے خلاف راولپنڈی کانفرنس میں فتویٰ جاری کرنے کے اصل پیش رو بھی صاحبزادہ والا شان ہی تھے۔ پیر محمد عرفان شاہ مشہدی نے حکومت آزادکشمیر سے مطالبہ کیا کہ اس عظیم شخصیت کو خراج عقیدت پیش کرنے ان کی دینی، آئینی اور جمہوری جدوجہد کو نوجوان نسل تک پہنچانے کے لیے پیر محمد عتیق الرحمٰن فیض پوری رحمۃ اللہ علیہ کے عظیم کارناموں کو نصاب میں شامل کیا جائے اور ان کے نام سے کسی ادارے یا شاہراہ کو موسوم کیا جائے۔ خلیفہ مجاز علامہ مفتی محمد بشیر طاہر نقشبندی قادری نے کہا کہ خواجگان فیض پور شریف نے ساری زندگی عبادت حق اور خدمت خلق میں گزاری، ان کا فیضان آج پوری دنیا میں جاری اور ساری ہے صاحبزادہ پیر محمد عتیق الرحمٰن رحمۃ اللہ علیہ آستانہ عالیہ فیض پور شریف کے روشن چراغ تھے ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ علامہ پیر سید محمد سلطان شاہ مشہدی اور مفتی محمد جمیل احمد نوشاہی نے کہا کہ صاحبزادہ پیر محمد عتیق الرحمٰن فیض پوری رحمۃ اللہ علیہ ایک شخصیت کا نہیں بلکہ ایک عہد کا نام تھا انہوں نے ساری زندگی دین اسلام کی خدمت کی اور مسلک اہلسنت کی بھرپور ترجمانی کی۔ انہوں نے نہ صرف آزادکشمیر بلکہ پوری دنیا میں اسلام کی ترویج واشاعت کے لیے کام کیا آپ رحمۃ اللہ علیہ سچے اور پکے عاشق رسول ﷺ تھے زندگی کی آخری سانسوں تک تحریک ختم نبوت سے وابستہ رہے۔ عرس کی تقریب میں قاری محمد اشرف قادری، چوہدری تنویر، محمد رمضان، عبدالحکیم اور دیگر نے خوبصورت انداز میں نعت شریف کے نذرانے پیش کیے اس موقع پر قرآن خوانی کی گئی اور صاحبزادہ پیر محمد عتیق الرحمٰن فیض پوری رحمۃ اللہ علیہ کی روح کو ایصال ثواب کے لیے پیر سید محمد عرفان شاہ مشہدی نے خصوصی دعا کی۔

یورپ سے سے مزید