جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کا حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔
اس موقع پر مولانا فضل الرحمٰن نے حماس رہنما کے بیٹوں اور پوتوں کی شہادت پر تعزیت کی۔
علاوہ ازیں مولانا فضل الرحمٰن کی ہدایت پر راشد سومرو کی قطر میں اسماعیل ہنیہ سے ملاقات ہوئی ہے جس میں راشد سومرو نے اسماعیل ہنیہ کو مولانا فضل الرحمٰن کا تعزیتی خط پیش کیا۔
خط میں مولانا فضل الرحمٰن نے لکھا ہے کہ پاکستانی عوام فلسطینی بھائیوں کے دکھ درد کو محسوس کرتے ہیں، اپنے اجتماعات میں اسرائیلی جارحیت کو بے نقاب کریں گے۔
مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ فلسطینیوں کی شہادتوں پر عالمی برادری اور مسلم دنیا کی خاموشی افسوسناک ہے، فلسطینیوں کی جدوجہد میں ان کے قدم بہ قدم اور شانہ بشانہ ہیں۔
اسماعیل ہنیہ نے فلسطینیوں کیلئے آواز بلند کرنے پر مولانا فضل الرحمٰن کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اہل غزہ علماء اور پاکستانی عوام کی امدادی کوششوں پر شکرگزار ہیں۔