ایک ایرانی شہری نے سڑک کے کنارے کچرے سے ملنے والے سونے اور ڈالرز سے بھرے بیگ کو اس کے مالک کو واپس کر کے ایک شاندار مثال قائم کر دی ہے۔
بین الا قوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق کچرے سے ملنے والے سونے اور ڈالرز سے بھرے بیگ کو باحفاظت اس کے مالک کو واپس کرنے والے 52 سالہ شہری کا تعلق ایران کے شہر علی گودرز ہے۔
اپنی پہچان ظاہر نہ کرنے کی شرط پر مذکورہ شخص نے میڈیا کو بتایا ہے کہ میرے والدین نے مجھے بچپن سے سکھایا تھا کہ جب بھی کہیں سے کسی کی کوئی چیز پڑی ملے تو اسے اپنے پاس نہیں رکھنا چاہیے بلکہ اس کے اصل مالک کو ڈھونڈ کر اسے واپس کرنا چاہیے۔
شہری نے کہا کہ مجھے یہ بیگ سڑک کے کنارے رکھے کوڑے دان میں تلاشی کے دوران ملا اور اس کے اندر سونا اور ڈالرز موجود تھے جن کی قیمت 20 ارب ریال تھی۔
اس نے بتایا کہ میں نے یہ بیگ کچھ دنوں تک اپنے پاس رکھا اور بیگ میں موجود بینک کارڈ کے ذریعے اس کے مالک کو تلاش کرنے میں کامیاب ہوا۔
شہری نے بتایا کہ یہ بیگ ایک 50 سالہ خاتون کا تھا جسے غلطی سے ان کے پوتے نے کچرے کا تھیلا سمجھ کر کوڑے دان میں پھینک دیا تھا۔