کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کی تیاریوں کا آغاز جمعرات کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی سے کرے گی۔ پاکستان ورلڈکپ سے قبل کمبی نیشن کے تجربات کیلئے تیارہے۔ مہمان ٹیم بارہ صف اول کے کھلاڑیوں کے بغیر پاکستان آئی ہے۔ کپتانی واپس سنبھالے والے بابر اعظم کا کہنا ہے کہ خود سے بھی امید رکھتا ہوں، دیگر کھلاڑیوں سے بھی توقعات ہیں، شاہین آفریدی اور میرا تعلق بہت پرانا ہے، ہدف پاکستان کو اوپر لے کر جانا ہے ۔ پاکستان نے روٹیشن پالیسی کے تحت تمام کھلاڑیوں کو موقع دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ بارہ ماہ کے عرصے میں دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ میچوں پر مشتمل یہ تیسری سیریز ہوگی۔ پاکستان نے 17 رکنی اسکواڈ میں ابرار احمد، محمد عرفان خان اور عثمان خان کو شامل کیا ہے ۔ عرفان اور عثمان کا یہ پاکستان کے لیے پہلا سلیکشن ہے جبکہ ابرار احمد ٹیسٹ میچز کھیل چکے ہیں۔ نسیم شاہ، محمد عامر اور عماد وسیم بھی ٹیم میں واپس آئے ہیں۔ اظہر محمود پہلی بار پاکستان مینز ٹیم کے ہیڈ کوچ ہوں گے۔ کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ ورلڈکپ سے قبل تمام کھلاڑیوں کو موقع دینے کی کوشش کریں گے ۔ سیریز بہت اہمیت رکھتی ہے کیونکہ میگا ایونٹ کی تیاری کررہے ہیں۔ شاداب اور عماد کے آنے سے بیٹنگ مضبوط ہوئی ہے، عرفان نیازی، افتخار احمد، اعظم خان نے پی ایس ایل میں اچھی پرفارمنس دی ہے۔ نیوزی لینڈ کے کپتان مائیکل بریسویل کا کہنا ہے کہ پاکستان ہوم گراؤنڈ میں مضبوط ٹیم ہے اور ہم انہیں چیلنج دینا چاہیں گے۔ میچ شام ساڑھے سات بجے شروع ہوگا۔ پاکستانی اسکواڈ بابر اعظم (کپتان)، ابرار احمد، اعظم خان، فخر زمان، افتخار احمد، عماد وسیم، محمد عباس آفریدی، محمد رضوان، محمد عامر، محمد عرفان خان، نسیم شاہ، صائم ایوب، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی، اسامہ میر، عثمان خان اور زمان خان جبکہ نیوزی لینڈ ٹیم مائیکل بریسویل (کپتان)، ٹام بلنڈل، مارک چیپمین، جوش کلارکسن، جیکب ڈفی، ڈین فاکس کرافٹ، بین لِسٹر، کول مک کونکی، جمی نیشم، ول او روک، ٹم رابنسن، بین سیئرز، ٹم سائفرٹ، ِاش سوڈھی اور زیک فاکس پر مشتمل ہے۔