• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لانڈھی میں دہشت گرد حملہ ناکام بنانے والی پولیس ٹیم کو انعام سے نوازا گیا

کراچی کے علاقے  لانڈھی مانسہرہ کالونی دہشت گرد حملے کے مقام کا ایک منظر
کراچی کے علاقے لانڈھی مانسہرہ کالونی دہشت گرد حملے کے مقام کا ایک منظر

کراچی کے علاقے  لانڈھی مانسہرہ کالونی میں دہشت گرد حملہ ناکام بنانے والی پولیس ٹیم کے اعزاز میں سینٹرل پولیس آفس (سی پی او) میں تقریب رکھی گئی۔

ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ کانسٹیبل قاسم حبیب کو 5 لاکھ روپے کیش دیا گیا اور قائد اعظم پولیس میڈل کی بھی سفارش کی گئی، جبکہ تقریب میں پولیس اہلکاروں کو نقد انعامات اور تعریفی اسناد دی گئیں۔

 تقریب میں ایڈیشنل انسپکٹر جنرل (اےآئی جی) کراچی، ڈپٹی انسپکٹر جنرلز (ڈی آئی جیز) اور  سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) ملیر طارق مستوئی و دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔

آئی جی سندھ کا کہنا ہے کہ فوری رسپانس سے پولیس کا مورال بلند ہوا اور شہریوں کا اعتماد بھی بڑھا۔

یاد رہے کہ کراچی کے علاقے لانڈھی میں غیر ملکیوں کی گاڑی پر آج صبح خود کش حملہ کیا گیا، گاڑی میں سوار غیر ملکی محفوظ رہے، حملے میں ایک سیکیورٹی گارڈ شہید ہوگیا۔

ایک حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا جبکہ دوسرا پولیس اور سیکیورٹی گارڈ کی فائرنگ سے مارا گیا، فائرنگ کی زد میں آکر ایک شہری بھی زخمی ہوا۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مطابق حملہ آوروں نے موٹر سائیکل پر غیر ملکیوں کا پیچھا کیا، دہشت گرد گاڑی کے قریب پیدل پہنچے اور فائرنگ کی، ہلاک دہشت گرد سے ملنے والے بیگ سے 4 دستی بم، رائفل، گرینیڈ، 3 میگزین برآمد ہوئے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید