• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیلابی پانی کو ایک موقع سمجھ کر ذخیرہ کرنے کی حکمتِ عملی بنائی ہے، وزیر اعلیٰ سندھ

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ سیلابی پانی کو ایک موقع سمجھ کر ذخیرہ کرنے کی حکمتِ عملی بنائی ہے۔

گڈو بیراج کے دورے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ گڈو بیراج کی بحالی اور جدید کاری کا کام مارچ 2026ء تک ہر صورت مکمل کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی معیار کے تعمیراتی سرگرمیوں پر کوئی سمجھوتا نہ کیا جائے، بیراج کے گیٹس کی تنصیب کا عمل تیز رفتاری سے مکمل کیا جائے، جدید طریقہ کار اور تسلسل برقرار رکھتے ہوئے ماہرین سے لازمی مشاورت کی جائے۔

مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ منصوبے پر ماہانہ بنیادوں پر پیشرفت رپورٹ وزیراعلیٰ ہاؤس فراہم کی جائے، گڈو بیراج کی بحالی سندھ کی زراعت کے مستقبل کے لیے تاریخی سنگِ میل ہے، منصوبے کی بروقت تکمیل سے لاکھوں ایکڑ زرعی زمین کو مستقل پانی دستیاب ہو گا۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ بیراجز سندھ کی معیشت، کسانوں اور لاکھوں خاندانوں کی زندگی کا سہارا ہیں، حکومت سندھ کی ترجیح دریاؤں کے نظام کو محفوظ بنانا ہے، پانی کے ذخائر زرعی پیداوار کے لیے مؤثر طریقے سے استعمال ہوں گے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ گڈو بیراج صرف ایک منصوبہ نہیں بلکہ سندھ کی تہذیب اور ورثے کا تحفظ ہے، دریائے سندھ ہماری حیات ہے، اس کے بیراج ہماری آنے والی نسلوں کا مستقبل ہیں۔

قومی خبریں سے مزید