وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ یوٹیلٹی اسٹورز کی بندش کے حوالے اہم اعلانات کرنے جا رہے ہیں، آج سے یوٹیلٹی اسٹور کارپوریشن کی سروسز ملک بھر میں بند کرنے کا اعلان کرتے ہیں۔
اسلام آباد میں یوٹیلیٹی اسٹورز سی بی اے یونین کے عہدیداروں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب میں وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ ملازمین کے حقوق کے تحفظ کے لیے پیکیج کی منظوری دی جا چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کا معیشت میں اہم کردار رہا ہے، یوٹیلٹی اسٹورز کے بزنس میں ہر ماہ 60 کروڑ روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ملازمین کی تنخواہیں اور آپریشنز چلانے کے لیے حکومت کو ہر ماہ سپورٹ کرنا پڑتا ہے، ہارون اختر کی کوششوں کے باوجود ادارہ نہیں چل سکا۔
طارق فضل چوہدری نے کہا کہ وزیرِ اعظم نے اس صورتِ حال کے بعد یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کی سروسز کو بند کرنے کا اعلان کیا، گزشتہ ڈیڑھ ماہ کی تنخواہیں اداکی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ چھوٹے وینڈرز کے لیے 2 ارب روپے کے پیکیج کی منظوری ہو چکی، بڑے وینڈرز کو بعد میں ادائیگی کی جائے گی، اس سے پہلے مستقل ملازمین کو پیکیچ دیا جاتا تھا۔
طارق فضل چوہدری نے کہا کہ اس پیکیج میں ڈیلی ویجرز اور کنٹریکٹ ملازمین کو بھی معقول پیکیج دے رہے ہیں، مستقل ملازمین کے لیے 13 ارب 50 کروڑ روپے، کنٹریکٹ ملازمین کے لیے 6 ارب روپے کا پیکیج رکھا ہے جبکہ ڈیلی ویجز ملازمین کو 2 ارب روپے دیے جائیں گے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن میں پاک فوج سمیت دیگر ادارے کام کر رہے ہیں، قوم بنیان مرصوص کے بعد اکٹھی ہوئی اور آج بھی اکٹھی ہے۔