• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دریائے ستلج کے ریلوں سے بہاولپور میں 7 بند ٹوٹ گئے

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

دریائے ستلج کے سیلابی ریلوں سے بہاولپور کے مقام پر تحصیل صدر، بستی یوسف، احمد والہ کھوہ سمیت 7 بند ٹوٹنے سے ہزاروں ایکڑ فصلیں زیرِ آب آ گئیں۔

خیر پور ٹامیوالی کے قریب قاسم والا بند ٹوٹنے سے کئی دیہات زیرِ آب آ گئے۔

صدر تحصیل میں بھی بڑھتے ہوئے سیلابی ریلے نے کئی چھوٹے بند توڑ دیے، جس سے درجنوں دیہات ڈوب چکے ہیں۔

متاثرین اور مویشیوں کی کشتیوں کے ذریعے محفوظ مقامات پر منتقلی جاری ہے۔

عارف والا میں دریائےستلج کے سیلابی پانی میں ایک بارات پھنس گئی۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق بارات بلاڑہ ارجنکا کے علاقے میں سیلاب میں پھنسی، ریسکیو ٹیموں نے دلہا اور باراتیوں کو سیلاب سےنکال لیا۔

دریائے چناب سے جھنگ کے گاؤں جنگران میں سیلابی ریلے میں پھنسے لوگوں کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

مظفر گڑھ میں دریائے چناب میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، بیشتر لوگ ریلیف کیمپوں میں منتقل نہیں ہوئے۔

ادھر وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز قصور کے اسکول میں قائم ریلیف کیمپ پہنچ گئیں، جہاں انہوں نے خواتین اور بچوں سے بات چیت کی اور مسائل دریافت کیے۔

لاہور، گوجرانوالہ اور گجرات ڈویژن میں کل سے 3 ستمبر کے دوران شدید موسلادھار بارشوں کا امکان ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق بارشوں کے باعث ان علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔

فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کا کہنا ہے کہ موسلادھار بارشوں کے باعث دریائے راوی، چناب اور ستلج اور ملحقہ نالوں میں انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے۔

قومی خبریں سے مزید