• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دوسرا ٹی 20، پاکستان اور نیوزی لینڈ کا آج پھر بارش سے مقابلہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ ہفتے کو پنڈی میں کھیلا جائے گا،ٹیموں کا میچ سے قبل بارش سے مقابلہ ہوگا،کیونکہ میچ پر بارش کے سائے منڈلا رہے ہیں ۔ بارش کے باعث پہلا ون ڈے صرف دو گیند تک محدود رہا تھا اور ختم کردیا گیا، جمعے کو بارش کی وجہ سے نیوزی لینڈ کی ٹیم نے پریکٹس نہیں کی، بلیک کیپس کا پریکٹس سیشن جمعہ کو شام 7 بجے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شیڈول تھا مگر جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں موسلادھار بارش کے باعث منسوخ کر دیا گیا ۔ کھلاڑی ہوٹل میں ٹی وی پر رگبی میچ سے لطف اندوز ہوتے رہے۔ ہفتے کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی سے قبل بارش کا امکان کم ہو گیا ہے۔ امکانات روشن ہیں کہ شائقین کو مکمل میچ دیکھنے کو ملے گا۔ پہلا میچ بارش کی نذر ہونے کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں نے آرام کیا۔ عثمان خان، ابرار احمد اور محمد عرفان خان نے پہلے میچ میں اپنا ٹی ٹوئنٹی ڈیبیو کیا لیکن انہیں بارش کی وجہ سے کھیلنے کا موقع نہیں ملا، پاکستان کی جانب سے کپتان بابر اعظم اور صائم ایوب بیٹنگ کا آغاز کریں گے جبکہ محمد رضوان ون ڈاؤن پر بیٹنگ کریں گے،مڈل آرڈر عثمان خان اور محمد عرفان خان پر مشتمل ہے، جو استحکام اور پاور ہٹنگ کا امتزاج فراہم کرتا ہے۔ ٹیم میں دو آل راؤنڈر افتخار احمد اور شاداب خان ہوں گے، عامر چار سال کی غیر حاضری کے بعد ٹیم میں واپس آئے ہیں، وہ بولنگ کے شعبے میں شاہین آفریدی کے ساتھ بوجھ تقسیم کریں گے۔ ابرار احمد بھی لائن اپ میں ایک اہم کھلاڑی ہوں گے جن سے نیوزی لینڈ کے بیٹرز کو اسپن جال میں پھنسایا جائےگا۔ ادھر فاسٹ بولر محمد عامر کا کہنا ہے کہ اپنی کارکردگی سے ٹیم کو کامیابی دلوا سکتا ہوں۔

اسپورٹس سے مزید