جیکب آباد میں جس پولیس موبائل اور ڈبل کیبن گاڑی سے اسلحہ نکلا وہ کس کی تھی؟
اسلحہ کہاں پہنچایا جارہا تھا؟ گولیوں کے انبار کس کے نام کے تھے؟ وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر بابل بھیو نے ڈبل کیبن گاڑی کی ملکیت سے انکار کردیا ہے۔
شکارپور پولیس کی موبائل میں بلوچستان سے اسلحہ اسمگل کرتے ہوئے گرفتار ہونے والے ملزمان کو آج عدالت میں پیش کیا گیا۔
جیکب آباد کی عدالت نے اے ایس آئی اور 2 پولیس اہلکاروں سمیت 7 ملزمان کا 5 روز کا جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔
گرفتار ملزمان میں پولیس کے اے ایس آئی امتیاز بھیو، کانسٹیبل ثناءاللّٰہ منگنہار اور بقاء اللّٰہ انڑ شامل ہیں جبکہ دیگر 4 ملزمان میں ذاکر بھیو، نبیل بھیو، اسلحہ ڈیلر اختر لاشاری اور توفیق گجر شامل ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق گزشتہ شب حساس اداروں اور پولیس کی مشترکہ کارروائی میں پولیس موبائل اور ڈبل کیبن سے اسلحہ برآمد کیا تھا۔
اسلحہ بلوچستان سے شکارپور اسمگل کیا جارہا تھا، اسلحے میں 4 سب مشین گنیں، لائٹ مشین گن اور کلاشنکوف کی 2 ہزار سے زیادہ گولیاں، لائٹ مشین گن کے 6 اور جی تھری رائفل کے 17 میگزین برآمد ہوئے تھے۔
جیکب آباد پولیس کے اے ایس آئی اور پولیس اہلکاروں سمیت 7 ملزمان کو گرفتار کیا گیا تھا، ملزمان کو 5 روز کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا گیا۔