قومی و صوبائی اسمبلیوں کی 21 نشستوں پر ضمنی انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن نے سیکیورٹی اہلکاروں کےلیے کوڈ آف کنڈکٹ جاری کردیا۔
ضابطہ اخلاق کے مطابق سیکیورٹی اہلکار انتخابات کے پُرامن اور شفاف انعقاد کے لیے الیکشن کمیشن کی معاونت کریں گے۔ سیکیورٹی اہلکاروں کو تمام پولنگ اسٹیشنز کے باہر تعیینات کیا جائے گا۔
سیکیورٹی اہلکار انتخابی سامان کی ترسیل کے دوران سیکیورٹی کے فرائض سر انجام دیں گے۔ اہلکار ڈی آر او، آر او اور پریزائیڈنگ آفیسرز کے ساتھ تعاون کریں گے۔ سیکیورٹی اہلکار پولنگ اور ووٹوں کی گنتی کے دوران غیر جانبدار رہیں گے۔ سیکیورٹی اہلکار یقینی بنائیں گے کہ کوئی بھی ووٹر پولنگ اسٹیشن کے اندر اسلحہ لے کر داخل نہ ہو۔
الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کے مطابق سیکیورٹی اہلکار تعیناتی کے دوران پریزائیڈنگ آفیسر کے احکامات پر عمل درآمد کرنے کے پابند ہوں گے، مکمل نتائج مرتب ہونے تک سیکیورٹی اہلکار ریٹرننگ افسر کے دفتر کی سیکیورٹی پر مامور رہیں گے۔
سیکیورٹی اہلکار مبصرین اور میڈیا کے نمائندوں کو پولنگ اسٹیشن میں داخل ہونے کی اجازت دیں گے، کسی بھی ووٹر سے اس کی شناخت کے بارے میں نہیں پوچھیں گے، کسی بھی ووٹر کو پولنگ اسٹیشن میں داخل ہونے یا ووٹ ڈالنے سے منع نہیں کریں گے، کسی بھی صورت میں انتخابی عملے کے اختیارات اپنے ہاتھ میں نہیں لیں گے۔
ضابطہ اخلاق کے مطابق سیکیورٹی اہلکار بیلٹ پیپر اور انتخابی سامان کو اپنی تحویل میں نہیں لیں گے۔ پریزائیڈنگ آفیسر کے اختیارات میں کسی صورت مداخلت نہیں کریں گے۔ انتخابی عمل میں کسی بے ضابطگی کی صورت میں سیکیورٹی اہلکار پریزائیڈنگ آفیسر کو مطلع کریں گے۔
پریذائیڈنگ آفیسر کی اجازت کے بغیر سیکیورٹی اہلکار کسی فرد کو اپنی حراست میں نہیں لیں گے۔ ووٹوں کی گنتی کے دوران سیکیورٹی اہلکار کسی قسم کی مداخلت نہیں کریں گے۔
خیال رہے کہ قومی و صوبائی اسمبلی کے 21 حلقوں میں ضمنی الیکشن کے لیے ووٹنگ کل ہوگی۔ قومی اسمبلی کی پانچ اور صوبائی اسمبلی کی 16 نشستوں پر ووٹنگ صبح 8 بجے شروع ہوگی۔
صوبائی اسمبلیوں کی جن نشستوں پر ضمنی الیکشن ہو رہا ہے اس میں پنجاب اسمبلی کی 12، خیبر پختونخوا اور بلوچستان اسمبلی کی 2، 2 نشستوں پر پولنگ ہوگی۔
الیکشن کمیشن کی درخواست پر وفاقی حکومت نے سول آرمڈ فورسز اور فوج تعینات کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ فوج کے دستے کوئیک رسپانس فورس اور دوسرے اور تیسرے حصار کے طور پر استعمال ہوں گے۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے ضمنی الیکشن کے حلقوں میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بند کرنے کی سفارش کردی، ضمنی انتخاب کےلیے پولنگ کے سامان کی ترسیل جاری ہے۔