پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شعیب شاہین نے کہا ہے کہ یہ حکمران ٹھہر نہیں پائیں گے، بانی پی ٹی آئی کا مؤقف ہے کوئی ڈیل نہیں۔
جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں گفتگو کے دوران شعیب شاہین نے کہا کہ 50 ہزار ووٹ لینے والوں کو ہم پر مسلط کردیا گیا، یہ حکمراں ٹھہر نہیں پائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ مولانا فضل الرحمان سے بھی بات چیت ہوجائے، آج ہمارے سیاسی مخالفین بھی تسلیم کرتے ہیں کہ بانی پی ٹی آئی پر مقدمات جھوٹے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ پراسیکیوٹر کو بانی پی ٹی آئی کا وکیل بنا کر پیش کیا گیا، اگر یہ نظام قانون و انصاف ہوگا تو مایوسی بنتی ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ واحد فورم عدلیہ ہی ہے، جس سے انصاف ملے گا۔
شعیب شاہین نے یہ بھی کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا ایک ہی مؤقف ہے، "کوئی ڈیل نہیں، ڈیل وہ کرتے ہیں جن میں کمزوریاں ہوتی ہیں، میرا جینا مرنا پاکستان میں ہے۔"