غزہ کے لیے پاکستان سے امدادی سامان کی آٹھویں کھیپ روانہ کردی گئی۔ نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق امدادی سامان کی کھیپ بحری جہاز کے ذریعے کراچی سے روانہ کی گئی۔
این ڈی ایم اے کے اعلامیہ کے مطابق تقریب میں فلسطینی سفیر، این ڈی ایم اے، وزارت خارجہ اور مسلح افواج کے افسران شریک تھے۔
اسلام آباد سے جاری این ڈی ایم اے کے اعلامیہ کے مطابق بحری جہاز امدادی سامان لے کر مصری بندر گاہ پورٹ سعید پہنچے گا۔ امدادی سامان وصولی کے بعد تقسیم کےلیے غزہ روانہ کر دیا جائے گا۔
این ڈی ایم اے کے مطابق آٹھویں کھیپ 350 ٹن امدادی سامان پر مشتمل ہے۔ اس امدادی سامان میں ادویات و طبی سامان، خشک خوراک، خیمے اور دیگر اشیا شامل ہیں۔
این ڈی ایم اے کے مطابق اب تک غزہ کےلیے مجموعی طور پر 630 ٹن امدادی سامان روانہ کیا جا چکا ہے۔